ایان بوتھم کا ریکارڈ اسٹورٹ براڈ کے نشانے پر آ گیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 15 اگست 2017
سابق بولر سے آگے نکل جانا خاص ہوگا، میری والدہ بھی ان کی مداح رہی ہیں، پیسر۔ فوٹو: فائل

سابق بولر سے آگے نکل جانا خاص ہوگا، میری والدہ بھی ان کی مداح رہی ہیں، پیسر۔ فوٹو: فائل

 لندن:  انگلش فاسٹ بولراسٹورٹ براڈ نے ویسٹ انڈیزسے سیریزمیں ایان بوتھم کا ریکارڈ نشانے پر رکھ لیا، انھیں یہ کارنامہ انجام دینے کیلیے مزید 5 وکٹیں درکار ہیں۔

براڈ اب تک انگلینڈ کیلیے ٹیسٹ کرکٹ میں379 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور آل ٹائم وکٹ ٹیکر میں تیسرے نمبر پر ہیں، بوتھم383 شکاروں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہیں جبکہ جیمز اینڈرسن 487 وکٹیںلیکر سرفہرست ہیں، اینڈرسن اس میچ میں براڈ کے ساتھ انگلش اٹیک کا حصہ ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ میں اینڈرسن کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے خود کو بہت پرسکون محسوس کرتا ہوں، ہماری بولنگ شراکت داری حریف بیٹسمینوں کو مشکلات کا شکار کرتی ہے، اب تک ہم دونوں مجموعی طورپر 866 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں، ٹیسٹ میں ایسی شراکت بہت اہم خیال کی جاتی ہے۔

براڈ نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز میں بوتھم کا ریکارڈ توڑنا میرے لیے بہت خاص ہوگا ، میں نے انھیں سب سے پہلے 1992 ورلڈ کپ میں بولنگ کرتے دیکھا تھا، میں اس وقت 6 برس کا تھا لیکن میں نے ان پرانی تصاویر بھی دیکھ رکھی ہیں، وہ بھی گیند کو وکٹ کے دونوں جانب سوئنگ کرتے تھے۔ میں ان کے ریکارڈ کے قریب پہنچ جانے کے بعد خود پر فخر محسوس کررہا ہوں، میرے والد اپنے کیریئر میں ان کے ساتھ ٹور کرچکے ہیں جبکہ میری والدہ بھی ان کی مداح رہی ہیں، بوتھم اور ان کی اہلیہ کیتھ اور ہماری فیملی میں اچھے تعلقات رہے ہیں۔

پیسر نے بوتھم کے حوالے سے مزید بتایا کہ 2015 میں ایشز سیریز کے کارڈف ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل بوتھم ڈریسنگ روم میں آئے تھے اور انھوں نے ہمیں اپنے مفید مشوروں سے بھی نوازا تھا، انھوں نے ہمیں باور کرایا تھا کہ اگر ہم آسٹریلوی ٹیم کیخلاف کامیابی سمیٹتے  ہیں تو اس سے ہمیں عوام میں زیادہ پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔