ٹی وی، ریڈیو چینلز ویلینٹائن ڈے پر بے راہ روی پھیلانے والے پروگرامز دکھانے سے گریز کریں، پیمرا

اے ایف پی  بدھ 13 فروری 2013
پیمرا کو موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ ویلینٹائن ڈے منانا ہمارے مذہب اور کلچر کے منافی ہے۔  فوٹو ڈیزائن: جہانزیب حق

پیمرا کو موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ ویلینٹائن ڈے منانا ہمارے مذہب اور کلچر کے منافی ہے۔ فوٹو ڈیزائن: جہانزیب حق

اسلام آ باد: پیمرا نے تمام ٹی وی اور ریڈیو چینلز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ویلینٹائن ڈے کے موقع پر ایسے پروگرامز نشر کرنے سے گریز کیا جائے جو قوم کے نوجوانوں میں بے راہ روی پھیلانے کا باعث بنیں۔

پیمرا کی جانب سے تمام چینلز کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا یہ ہدایات اس کو موصول ہونے والی شکایات کے باعث جاری کر رہا ہے، پیمرا کو موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ ویلینٹائن ڈے منانا ہمارے مذہب اور کلچر کے منافی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ویلینٹائن ڈے جیسے ایونٹس نئی نسل کو بے راہ روی کی طرف مائل کرتے ہیں لہذاٰ تمام ٹی وی اور ریڈیو چینلز ویلینٹائن ڈے کی مناسبت سے پروگرامز نشر کرنے کے حوالے سے یہ خیال رکھیں کہ ان پروگرامز سے عوام کے جذبات مجروح نہ ہوں۔

پیمرا کے ایک افسر نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پیمرا ویلینٹائن ڈے کے پروگرامز پر کوئی پابندی عائد نہیں کر رہا بلکہ اس سلسلے میں  ادارے کو موصول ہونے والی شکایتوں سے چینلز کو آگاہ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں منگل کے روز چند مذہبی جماعتوں نے ویلینٹائن ڈے منانے کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔