وفاقی کابینہ نے کراچی اور حیدر آباد ترقیاتی پیکج کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  منگل 15 اگست 2017
 سندھ میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ ہیں, وزیراعظم - فوٹو:پی آئی ڈی

سندھ میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ ہیں, وزیراعظم - فوٹو:پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے کراچی اور حیدرآباد ترقیاتی پیکج کی منظوری دیدی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کابینہ کو حالیہ دورہ کراچی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کراچی کے دوران امن وامان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا، سندھ بالخصوص کراچی میں امن کے قیام کے لیے ہرممکن معاونت دیں گے۔

وزیراعظم نے کراچی اور حیدرآباد ترقیاتی پیکیج کی تفصیلات سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے 25 ارب اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کی ترقیاتی پیکچ کا اعلان کیا ہے جس کی انتظامی نگرانی گورنر سندھ کریں گے اور مقررہ مدت میں پیکچ پر عملدرآمد کرائیں گے جب کہ سندھ میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کوکہا کہ قیام امن اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فعال کردارادا کرے جب کہ موجودہ حکومت تمام فیڈریشن یونٹس کو برابری کی بنیاد پر ریکارڈفنڈز فراہم کررہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے کراچی اور حیدر آباد ترقیاتی پیکیج کی منظوردی دیدی جب کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ حیدرآباد میونسپلٹی کو مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے، کراچی میں پانی کی فراہمی کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے، ٹریفک کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئے پل اور انڈرپاسز بنائے جائیں گے، کے ایم سی کو 50 نئے فائر ٹینڈرز فراہم کیے جائیں گے جب کہ پانی کی فراہمی کے نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

کراچی میں ایک جدید اسپتال اور میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا، حیدرآباد میں بھی میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائی جائے گی اورکراچی گرین میٹروبس منصوبے کو دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔