سری لنکا کی پاکستان آمد کیلیے ورلڈ الیون کا دورہ انتہائی اہم

اسپورٹس رپورٹر  منگل 15 اگست 2017
پاکستان نے سری لنکا سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ بھی پاکستان کی مدد کریں، چیرمین پی سی بی ۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے سری لنکا سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ بھی پاکستان کی مدد کریں، چیرمین پی سی بی ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: سری لنکا کی پاکستان آمد کیلیے ورلڈ الیون کا دورہ انتہائی اہم ہوگا جب کہ 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد آئی لینڈرز حتمی فیصلہ کریں گے۔

چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم ایک دو روز میں پاکستان پہنچ رہی ہے جو پنجاب کی پولیس کےساتھ کام کرے گی، پی سی بی چاہتا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی جائے، سکیورٹی کی صورتحال ٹھیک کی جائے تاکہ آہستہ آہستہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے شروع ہوں، پاکستان سپر لیگ کے بعد ورلڈ الیون کو پاکستان لانا دوسرا اہم قدم ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کو یہ احساس دلایا گیا ہے کہ وہ بھی 30 سال تک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور اس عرصے میں پاکستان نے ان کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا اور پاکستانی ٹیم سری لنکا جاتی رہی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ وہ بھی پاکستان کی مدد کریں۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کی ہامی بھر لی لیکن حتمی فیصلہ ورلڈ الیون کے دورہ کے موقع پر کیا جائے گا۔

مزید پڑھئے :ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان پر سوالیہ نشان

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی ہے۔ اس دوران صرف زمبابوے کی ٹیم محدود اوورز کے میچز کھیلنے لاہور آئی ہے تاہم کسی بڑی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔