این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ ہفتے کو ہوگا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 اگست 2017
داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اسی روز رات ساڑھے 8بجے ویب سائٹ پر جاری ہونگے، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد۔ فوٹو: فائل

داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اسی روز رات ساڑھے 8بجے ویب سائٹ پر جاری ہونگے، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد۔ فوٹو: فائل

 کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت نئے تعلیمی سیشن 2018 میں بیچلرپروگرام میں داخلوں کے سلسلے میں انٹری ٹیسٹ ہفتے کو ہورہا ہے۔

یونیورسٹی میں 29شعبوں میں بیچلرزآف انجینئرنگ کے داخلوں کے لیے مختص 2700نشستوں پر داخلہ ٹیسٹ میں مجموعی طورپر10ہزار200سے زائد امیدوار شریک ہونگے۔ یہ داخلہ ٹیسٹ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں صبح 10بجے شروع ہوگا جو دو گھنٹے تک جاری رہے گا۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد نے بتایاہے کہ انٹری ٹیسٹ کے ختم ہوتے ہی دوپہر سوا 12 بجے جوابات کی کاپیاں یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کردی جائے گی جبکہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اسی روز رات ساڑھے 8بجے ویب سائٹ پر جاری ہونگے، یہ داخلہ ٹیسٹ 100 مارکس کا ہوگا جس میں کسی بھی طالب علم کومیرٹ کے اگلے مرحلے تک پہنچے کے لیے 50 فیصد مارکس لینا ضروری ہونگے۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے اوپن ڈے پیر 21 اگست کو ہوگا جبکہ حفاظ قرآن کاٹیسٹ بھی اسی روز لیاجائے گا، داخلہ ٹیسٹ کے لیے ہرامیدوار کو صبح 8 بجے تک یونیورسٹی پہنچنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد نے بتایاکہ یونیورسٹی نے تعلیمی سیشن مزید ایک ماہ قبل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم نئے سیشن کے لیے کلاسز اس سال 13 نومبر کو شروع ہوں گی، یادرہے کہ گزشتہ برس یونیورسٹی میں سیشن 12 دسمبر سے شروع ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔