ارجنٹائن میں 10 برس سے مالک کی قبر پر بیٹھا وفادار کتا

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اگست 2017
کیپٹن نامی اس کتے کا مالک 2006 میں چل بسا تھا جس کے بعد سے وہ قبر کے کنارے ہی بیٹھا ہے — فوٹو : آڈیٹی سینٹرل

کیپٹن نامی اس کتے کا مالک 2006 میں چل بسا تھا جس کے بعد سے وہ قبر کے کنارے ہی بیٹھا ہے — فوٹو : آڈیٹی سینٹرل

بیونس آئرس: کتا ایک وفادار جانور ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن ارجنٹائن میں ایک ایسا پالتو کتا بھی موجود ہے جو اپنے مالک سے محبت کی نئی مثال قائم کررہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قصہ ارجنٹائن کے قصبے ولا کارلوس پاز کا ہے جہاں 10 برس قبل میگوئل گوزمین نامی شخص کی موت ہوگئی تھی اور اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔ میگوئل نے ایک کتا پال رکھا تھا جو نسل سے جرمن شیفرڈ اور اس کا نام  کیپٹن تھا۔ میگوئل کی موت کے چند ماہ بعد کیپٹن گھر چھوڑ کر چلا گیا کیوں کہ اسے اپنے مالک سے بے پناہ محبت تھی۔ میگوئل کی اہلیہ ویرونیکا اور بچے کیپٹن کو ڈھونڈتے رہے لیکن وہ کہیں نہیں ملا۔

ایک دن ویرونیکا اور ان کے بچے میگوئل کی قبر پر آئے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کیپٹن قبر کے کنارے بیٹھا تھا۔ ویرونیکا اور بچے کیپٹن کو اپنے ساتھ گھر لے آئے تاہم چند روز بعد وہ پھر غائب ہوگیا اور اس بار بھی قبر کے پاس بیٹھا پایا گیا۔ کیپٹن کو کئی بار گھر واپس لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن سب بے سود رہیں بالآخر ویرونیکا سمجھ گئیں کہ کیپٹن کے دل میں اپنے مالک کی جو محبت ہے اسے ختم نہیں کیا جاسکتا لہٰذا انہوں نے کیپٹن کو قبر کے پاس ہی چھوڑ دیا۔

قبرستان کی دیکھ بھال کرنے والے افراد بھی کیپٹن سے مانوس ہوگئے اور یوں کیپٹن اپنے مالک کی قبر کے پاس ہی زندگی گزارنے لگا۔ 2012 میں پہلی بار اس کتے کی وفاداری دنیا بھر میں مشہور ہوئی تھی اور اس وقت یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ کیپٹن گزشتہ پانچ برس سے اپنے مالک کی قبر پر بیٹھا ہوا ہے تاہم اب یہ بات جان کر لوگ حیران ہیں کہ 10 برس گزر جانے کے بعد کیپٹن آج بھی اسی مقام پر موت کا منتظر ہے جہاں اس کا مالک دفن ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے میگوئل کی موت ان کے گھر پر نہیں ہوئی تھی بلکہ ایک دوسرے گاؤں کورڈوبا میں ہوئی تھی اور وہاں سے میت کو سیدھا قبرستان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس وقت کیپٹن وہاں موجود نہیں تھا، پھر بھی وہ اپنے مالک کی قبر کو ڈھونڈنے میں کامیاب رہا۔

جب کیپٹن کے مالک کی موت ہوئی تو وہ محض 5 برس کا تھا تاہم اب اس کی عمر 15 سال ہوگئی ہے، وہ بوڑھا ہوچکا ہے، اس کی بینائی تقریباً ختم ہوچکی ہے اور اب اسے چلنے پھرنے میں بھی مشکل ہوتی ہے۔ قبرستان کا عملہ اس کی دیکھ بھال کرتا ہے، اس کے کھانے پینے کا انتظام کرتا ہے اور طبی امداد بھی فراہم کرتا ہے لیکن بڑھتی ہوئی عمر کا کوئی توڑ نہیں اور اب یوں محسوس ہوتا ہے کہ کیپٹن کی آخری خواہش یہی ہے کہ وہ اپنے مالک کی قبر پر ہی دم توڑ دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔