سری لنکا سے میچ کی میزبانی کراچی کو دی جائے، وسیم اختر

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 16 اگست 2017
کرکٹ بورڈ کراچی میں سری لنکن ٹیم کیخلاف ٹی 20 میچ منعقد کرکے مقامی شائقین کی خواہشات کو پورا کریگا، میئر۔ فوٹو: فائل

کرکٹ بورڈ کراچی میں سری لنکن ٹیم کیخلاف ٹی 20 میچ منعقد کرکے مقامی شائقین کی خواہشات کو پورا کریگا، میئر۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  میئر کراچی وسیم اختر نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی 20 میچوں کی سیریزکا ایک میچ کراچی میں منعقدکرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وسیم اختر نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اپنی قومی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے فیصلے پر سری لنکا کی حکومت اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے مزیدکہا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور یہاں کرکٹ کا کھیل بے انتہا مقبول ہے، ہم سری لنکن کرکٹ ٹیم کو کراچی میں خوش آمدید کہیں گے، امید ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پھر سے بحال ہوجائیگی اور دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں کراچی بین الاقوامی کرکٹ کا اہم مرکز رہا ہے اور یہاں بے شمار یادگار اور سنسنی خیز مقابلے منعقد ہوچکے ہیں جنھیں پوری دنیا میں دیکھا گیا اور دنیا بھر میں کراچی کے شائقین کی اسپورٹس مین اسپرٹ کو سراہا گیا جس کے باعث بین الاقوامی کھلاڑیوں نے ہمیشہ کراچی میں کھیلنے پر فخر محسوس کیا۔

وسیم اختر نے کہا کہ یہاں بین الاقوامی میچ کا انعقاد ہونے سے شہر کا امیج بہتر ہوگا اور اس سے مقامی سطح پر کرکٹ کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا،انھوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بے چینی سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے منتظر ہیں اور وہ اپنے میدانوں پر بین الاقوامی کرکٹ اسٹارزکو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے ہمارے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی مقامی شائقین سے بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا اور اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

میئر کراچی نے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا شہر اور کرکٹ حب ہونے کے ناطے کراچی کا یہ حق ہے کہ اسے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی ملنی چاہیے، ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارا یہ مطالبہ ضرور منظورکیا جائے گا اور کرکٹ بورڈ کراچی میں سری لنکن ٹیم کیخلاف ٹی 20 میچ منعقد کرکے مقامی شائقین کی خواہشات کو پورا کریگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔