جدہ کی تین تاریخی عمارتوں میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  بدھ 16 اگست 2017

مکہ المکرمہ: سعودی عرب کے شہر جدہ کی تین تاریخی عمارتوں بیت القمصانی، بیت العشماوی اور بیت عبدالعال یکے بعد دیگر بڑی تیزی سے بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سعودی ذرائع کے مطابق جدہ فائر بریگیڈ اور شہری دفاع کے اداروں نے فوری طور پر 10 ٹیمیں تشکیل دے کر ان عمارتوں کو بڑے نقصان سے بچالیا۔

ان تینوں عمارتوں اور گرد و نواح میں رہنے والے سینکڑوں افراد کو امدادی کارروائیوں کے دوران ترجیحاً وہاں سے نکالا گیا جبکہ ساتھ ہی ساتھ آگ بجھانے کا عمل بھی جاری رہا جسے جلد ہی مکمل کرلیا گیا۔

اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان تینوں عمارتوں میں یکایک آگ کیسے بھڑکی تاہم جدہ کی شہری حکومت نے اس حادثے کے اسباب جاننے کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

جدہ بلدیہ کے میئر انجینئر سامی نوار نے سعودی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ مذکورہ تین تاریخی عمارتوں میں آتش زدگی کا سب سے زیادہ نقصان بیت القمصانی کو پہنچا ہے جس کا ایک حصہ منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔