رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست جاری

ویب ڈیسک  بدھ 16 اگست 2017
آسٹریلیا کا شہر میلبورن بہترین جبکہ شامی دارالحکومت دمشق ناپسندیدہ ترین شہر قرار پائے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کا شہر میلبورن بہترین جبکہ شامی دارالحکومت دمشق ناپسندیدہ ترین شہر قرار پائے۔ فوٹو: فائل

نیویارک: رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بہترین شہروں کی سالانہ فہرست جاری کر دی گئی جس کے مطابق آسٹریلیا کا شہر میلبورن سکونت اختیار کرنے کے لیے سب سے بہترین شہر قرار پایا ہے۔

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ ’’گلوبل لیوایبلٹی رپورٹ‘‘ میں رہائش کے اعتبار سے دنیا کے 140 شہروں کا جائزہ لیا گیا جن میں میلبورن کر مسلسل ساتویں بار دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا جبکہ شام کے دارالحکومت دمشق کو رہائش اختیار کرنے کے لیے دنیا کا ناپسندیدہ ترین شہر قرار دیا گیا اور اسے فہرست میں 140 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

دنیا کے 10 بہترین شہروں میں آسٹریلیا اور کینیڈا کے تین تین شہر شامل ہیں۔ دنیا کا دوسرا بہترین شہر آسٹریا کا دارالحکومت ویانا، تیسرے نمبر پر کینیڈین شہر وینکوور، چوتھے نمبر پر ٹورونٹو، پانچویں نمبر پر کیلگری، چھٹے نمبر پر ایڈیلیڈ، ساتویں نمبر پر پرتھ، آٹھویں نمبر پر آکلینڈ، نویں نمبر پر ہیلنسکی اور 10 ویں نمبر پر ہیمبرگ ہے۔

رہائش کے لیے ناپسندیدہ شہروں کی بات کی جائے تو یوکرین کا دارلحکومت کیف 131 ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب دوالا، ہرارے، کراچی، الجزائر، پورٹ مورسبے، ڈھاکا، طرابلس، لاگوس اور 140 وین نمبر پر دمشق ہے۔

رپورٹ کے مطابق امن و استحکام، صحت کی سہولیات، ثقافت، ماحول، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کو بنیاد بنا کر ان 140 شہروں کو جانچا گیا ہے اور ہر شہر کو 100 میں سے پوائنٹس دیے گئے ہیں۔ پہلے نمبر پر آنے والے شہر میلبورن کو مجموعی طور پر 100 میں سے 97.5 پوائنٹس ملے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔