’’ برفانی انسان کو گولی نہ ماریں ‘‘ ؛ امریکی پولیس کی شہریوں سے اپیل

غزالہ عامر  جمعرات 17 اگست 2017
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

برفانی انسان ایک افسانوی مخلوق ہے۔ اگرچہ اسے دیکھنے کا دعویٰ بہت سے لوگوں نے کیا ہے مگر اس کے وجود کا حتمی ثبوت اب تک کوئی پیش نہیں کرسکا۔

برفانی انسان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا قد آٹھ سے دس فٹ تک ہوتا ہے۔ شکل و صورت عام انسان سے مشابہ ہوتی ہے۔ جسم طاقت وَر اور ریچھ کی طرح بالوں سے بھرا ہوتا ہے۔ مبینہ طور پر یہ مخلوق برفانی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ کئی علاقوں میں اس کے پاؤں کے نشانات دیکھنے کے دعوے کیے گئے۔ یہ نشانات انسانی قدموں جیسے مگر سائز میں کئی گنا بڑے تھے۔ اسی لیے برفانی انسان کو مغرب میں ’ بگ فٹ ‘ کہا جاتا ہے۔

برفانی انسان یا بگ فٹ کی تلاش کے لیے اجتماعی سطح پر بھی متعدد کوشش ہوچکی ہیں۔ کئی اداروں نے اس کا کھوج لگانے کے لیے مہمات روانہ کیں جو ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ کئی مہم جُو انفرادی طور پر اس کی تلاش میں روانہ ہوئے مگر برفانی انسان انھیں بھی دکھائی نہیں دیا۔ اگرچہ انھوں نے دعوے ضرور کیے مگر وہ اپنے دعووں کی سچائی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے۔ بگ فٹ کے وجود کا ثبوت حاصل کرنے کے لیے برفانی علاقوں اور جنگلات میں جدید کیمرے لگائے گئے مگر یہ اس مخلوق کی ایک جھلک قید نہیں کرسکے۔

برفانی انسان قلم کاروں اور ہدایت کاروں کا پسندیدہ موضوع رہا ہے۔ اس پر متعدد ناول لکھے گئے ہیں، درجنوں ڈرامے اور فلمیں بنائی جاچکی ہیں۔ برفانی انسان کی موجودگی کے کوئی شواہد نہ ہونے کے باوجود لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہیں۔ بہت سے لوگوں کو یقین ہے کہ یہ مخلوق موجود ہے۔ گاہے بگاہے برفانی انسان دیکھنے کے دعوے سامنے آتے رہتے ہیں۔ عام طور پر یہ دعوے مغربی ممالک میں رہنے والے کرتے ہیں۔ بگ فٹ دیکھنے کا تازہ ترین دعویٰ امریکی ریاست کیرولائنا میں سامنے آیا ہے۔ ریاست کے جنوبی حصے میں واقع میک ڈوول کاؤنٹی میں بگ فٹ دیکھے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے اس مخلوق کی تلاش کے لیے ’ بگ فٹ نائن ون ون ‘ کے نام سے ایک گروپ تشکیل دے رکھا ہے۔ گروپ کے قیام کے بعد مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ بگ فٹ کے دیکھے جانے کی اطلاع اسے دی جائے۔

چند روز قبل کچھ افراد نے بگ فٹ نائن ون ون پر فون کرکے اطلاع دی کہ انھیں مضافاتی جنگل میں دو پاؤں پر چلنے والی قوی الجثہ مخلوق نظر آئی ہے۔ یہ اطلاع عام ہوتے ہوتے پولیس ڈیپارٹمنٹ تک بھی پہنچ گئی۔ اس اطلاع کے بعد پولیس کی جانب سے تنبیہہ جاری کی گئی ہے کہ برفانی انسان کو گولی کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ اس وارننگ کا سبب یہ نہیں کہ پولیس افسانوی مخلوق کو زندہ پکڑنا چاہتی ہے، بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ بگ فٹ کے شبہے میں کوئی انسان نشانہ نہ بن جائے۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جب بگ فٹ کے متلاشیوں نے جنگل میں شکار کی غرض سے موجود شخص کو بگ فٹ سمجھ کر اس پر بے ہوش کردینے والی گن آزما لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔