سپر ہائی وے ؛ قربانی کے جانوروں کی منڈی کا افتتاح کر دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 اگست 2017
 ملک بھر سے بیوپاریوں کا قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے کراچی آنا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے،محمد علی ملکانی
 فوٹو: فائل

 ملک بھر سے بیوپاریوں کا قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے کراچی آنا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے،محمد علی ملکانی فوٹو: فائل

 کراچی: سہراب گوٹھ کے قریب سپرہائی وے پر قربانی کے جانوروں کی منڈی کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے ، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی تھے،مویشی منڈی800 ایکٹر ارضی پر قائم کی گئی ہے۔

منڈی میں گائے، بکرا اور اونٹ کے لیے الگ الگ جگہ مختص کی گئی ہے ، صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ ملک بھر سے بیوپاریوں کا کراچی میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے آنا اور ان کی میزبانی کرنا سندھ اور کراچی کے لیے باعث اعزاز ہے، بڑی تعداد میں بیوپاریوں کی آمد اس شہر کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، صوبائی اور شہری حکومت منڈی کی انتظامیہ کی پوری مدد کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

انھوں نے تاجروں اور خریداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امید ہے کہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، مویشی منڈی میں سندھ ویٹرینری ڈپارٹمنٹ کی جانب سے12 ویٹرنری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم تعینات کی گئی ہے جو دن رات کام کر رہی ہے اور کم از کم4ڈاکٹر ہمہ وقت موجود ہوں گے ، اس موقع پر منڈی کے ایڈمنسٹریٹر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عوام اور بیوپاریوں کو خریداری میں آسانی اور تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور منڈی میں باقاعدہ تمام امور کا آغاز ہوگیا ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے صدر بریگیڈیئر وسیم بھٹی نے کہا کہ ایک مختصر وقت میں اتنی بڑی منڈی کے لیے جگہ کا تیار کرنا اور اتنی سہولتیں مہیا کرنا ایک مشکل کام تھا لیکن شہری اور صوبائی حکومت کے تعاون سے یہ مرحلہ بخوبی طے کر لیا گیا ہے۔

یہ خوش آئند بات ہے کہ منڈی کی انتظامیہ نے تمام مقاصد بروقت حاصل کر لیے ہیں، ہم نے اس با ت کو یقینی بنایا ہے کہ تاجروں اور لوگوں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کو اب تک پیش آنے والے مسائل اور کمی بیشیوں کے بخوبی جائزے کے بعد مزید بہتر کر سکیں،منڈی کے منتظم سید ارشاد احمد نے کہا کہ اس سال مویشی منڈی800 ایکٹر ارضی پر قائم کی گئی ہے ، مویشی منڈی میں گائے ، بکرا اور اونٹ منڈی کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے ، ملک بھر سے تاجر پہلے سے ہی منڈی میں اپنے مویشی لا رہے ہیں ، منتظم نے مزید کہا کہ فی مویشی 16 لیٹر پانی روزانہ اور منڈی میں مناسب روشنی کے لیے بجلی کی فراہمی مفت ہے ، اس کے علاوہ عوام کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر عوامی بیت الخلا بھی بنائے گئے ہیں جبکہ منڈی میں آنے والوں کے لیے پارکنگ مفت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔