میڈیم ڈینسٹی فائبربورڈپراضافی درآمدی ڈیوٹیوں کامطالبہ

احتشام مفتی  جمعرات 17 اگست 2017
ڈیوٹیاں لگیں تونرخ35فیصدبلند،فائبربورڈکی درآمد بندہوجائے گی،امپورٹرز کو تشویش
 فوٹو: فائل

ڈیوٹیاں لگیں تونرخ35فیصدبلند،فائبربورڈکی درآمد بندہوجائے گی،امپورٹرز کو تشویش فوٹو: فائل

 کراچی:  ملکی ضروریات کے مطابق پیداوارکی صلاحیت نہ رکھنے والی صنعتوں نے میڈیم ڈینسٹی فائبربورڈ(ایم ڈی ایف) کی درآمدی ڈیوٹی میں5 فیصد اضافے کے علاوہ1 فیصد ایڈیشنل ڈیوٹی اورریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز دیدی ہے جس پرعمل درآمدکی صورت میں میڈیم ڈینسٹی فائبربورڈ کی قیمتوں میں یکدم 35 فیصد اضافے کے ساتھ اس کی درآمدات بندہونے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن نے میڈیم ڈینسٹی فائبربورڈ(ایم ڈی ایف) کے مقامی صنعت کے تحفظ اور درآمدی مصنوعات سے مسابقت کے لیے کسٹمز ڈیوٹی میں اضافے ایڈیشنل اور ریگولیٹری ڈیوٹیوں کے نفاذ کی درخواست سماعت کے لیے منظورکرلی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں تھائی لینڈ، ملائیشیا اور سری لنکا سے تقریباً 15 درآمدکنندگان اورایک مقامی مینوفیکچرربھی بلند امپورٹ ٹریڈ پرائس کے باوجود ایم ڈی ایف درآمدکرکے مقامی ضروریات پورا کررہے ہیں۔ درآمدکنندگان نے بتایا کہ پاکستان میں ماہانہ 300 کنٹینرز ایم ڈی ایف کی درآمدات سے حکومت کوریونیو کی مد میں72 لاکھ45 ہزار روپے کی وصولیاں ہورہی ہیں جبکہ پاکستان کے جنگلات بھی محفوظ ہیں لیکن دروازوں، فرنیچراورگھروں کی دیگر ضروریات زندگی کی اشیا سازی میں استعمال ہونے والے ایم ڈی ایف کاصرف 2 تیارکنندگان کی ایما پر ڈیوٹی وٹیکسوں کا ٹیرف بڑھایاگیاتواس کی درآمدی سرگرمیاں معطل اور قیمتیں آسمان سے باتیں کرنی لگیں گی۔

پاکستان میں ایم ڈی ایف کی درآمدات پر مجموعی طور پر46 فیصد ڈیوٹی وٹیکسز عائد ہیں جبکہ بھارت میں21 فیصد ہیں۔ متاثرہ درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ پاکستان کسٹمزپہلے ہی 210 ڈالرکی حامل فی کیوبک میٹرایم ڈی ایف کی 232 ڈالر پرویلیو ایسیسمنٹ کررہا ہے جبکہ230 ڈالر کی حقیقی ویلیوکی حامل 3.2 ملی میٹربورڈ کی262 ڈالر میں ویلیوایسیس کررہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن زمینی حقائق کو مدنظررکھتے ہوئے اس ضمن میں فیصلہ جاری کرے۔

واضح رہے کہ این ٹی سی کی جانب سے اس ضمن میں سماعت 22 اگست2017 کو اسلام آباد میں رکھی گئی ہے جس کے لیے تمام شراکت داروں کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی سماعت میں شرکت کے لیے خود کواین ٹی سی میں 21 اگست تک رجسٹرڈ کرالیں، این ٹی سی کے مطابق میڈیم ڈینسٹی فائبربورڈ (ایم ڈی ایف) کے تیارکنندگان میسرزپشاور پارٹیکل بورڈ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ اور میسرز فرنٹیئرٹیک وڈ انڈسٹری پرائیویٹ لمیٹڈ نے نیشنل کمیشن سے رجوع کیا ہے اوردرآمدی ایم ڈی ایف سے موثر طور پرمسابقت کے لیے درآمدات پرکسٹم ڈیوٹی 15 فیصد سے بڑھاکر20 فیصد کرنے اور1 فیصد ایڈیشنل ڈیوٹی کے ساتھ مناسب شرح سے ریگولیٹری ڈیوٹی نافذکرنے کی درخواست کی ہے، اس درخواست پرشفاف انداز میں ٹیرف اسٹڈی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔