بھارت، نیپال، بنگلہ دیش میں سیلاب،500افرادہلاک ،لاکھوں بے گھر

این این آئی / اے پی پی  جمعرات 17 اگست 2017
نیپال کے 13اضلاع شدید متاثرہیں، بنگلہ دیش کے 18 بڑے دریاؤں میں طغیانی
 فوٹو؛ فائل

نیپال کے 13اضلاع شدید متاثرہیں، بنگلہ دیش کے 18 بڑے دریاؤں میں طغیانی فوٹو؛ فائل

نئی دہلی / ڈھاکا / کھٹمنڈو: بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد500سے زائدہوگئی ہے جبکہ لاکھوں بے گھرہوچکے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق نیپال کی وزارت داخلہ کے ترجمان رام کرشنا سبیدی نے بتایاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور110افرادہلاک ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب نیپال کی حکومت متاثرہ افراد تک پہنچنے میں ناکامی پر شدید تنقید کا شکار ہے۔

نیپال کے جنوب سرحدی علاقے کے13 اضلاع میں سب سے زیادہ سیلاب آیا ہے جو بھارتی ریاست بہار کی سرحد سے ملحق ہیں۔ 250 ریلیف کیمپوں میں 2 لاکھ مقیم ہیں۔ بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں اتوار کو2 بسیں سیلاب میں بہہ گئی تھیں جس کے نتیجے میں46 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ پڑوسی ریاست آسام میں مزید21 افراد ہلاک ہوگئے۔ بنگلہ دیش میں بارشوں کے باعث 18 بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیرمفضل حسین چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ6روز کے دوران27 افراد ہلاک ہوچکےہیں جبکہ 6 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات میں منتقل کردیا گیا جبکہ 3 لاکھ 68 ہزار افراد کو 970 ریلیف کیمپوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔

اے پی پی کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش اور سیلاب سے سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افرادبے گھرہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیاکے مطابق بہار، اترپردیش، آسام اورگجرات میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بہار میں 70سے زائد افراد ہلاک جبکہ گجرات میں200اور آسام میں100سے زائد لوگ سیلاب کی نذرہوگئے ہیں۔ صرف بہار میں سیلاب سے 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔