2،2 سال میں حکومتیں برطرف کرکے 90 کی دہائی کو غیرمستحکم کیا گیا، احسن اقبال

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اگست 2017
70سال کے عرصے میں ہر بار جمہوری نظام کو مختلف حربوں سے ہٹایا گیا، وفاقی وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

70سال کے عرصے میں ہر بار جمہوری نظام کو مختلف حربوں سے ہٹایا گیا، وفاقی وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نوے کی دہائی میں پاکستان کی ترقی کی شرح بلند ترین تھی تاہم 2،2 سال میں حکومتیں برطرف کرکے اس دہائی کو غیر مستحکم کردیا گیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 70 سال قبل ہمارے بزرگوں نے ناممکن خواب کو تعبیر دی اورہزاروں قربانیوں کے بعد وطن پاکستان معرض وجود میں آیا، ملک نے بے سرو سامانی اور کسمپرسی کی حالت میں ترقی کا سفرشروع کیا، جب ملک بنا تو بھارتی پنڈت کہتے تھے کہ یہ ملک واپس بھارت کی گود میں گرجائے گا لیکن 1960  میں پاکستان کو جاپان کے بعد ابھرتی معیشت کہا جاتا تھا.

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان میں امن کی جنگ ہم سب نے ملکرلڑنی ہے

احسن اقبال نے کہا کہ 70 سال کے عرصے میں ہر بارجمہوری نظام کومختلف حربوں سے ہٹایا گیا اورایک بھی جمہوری وزیراعظم 5 سال پورے نہ کر سکا، ہماری ناکامی کی وجہ سے  70 سال کے دوران بہت سے ملک جو ہم سے پیچھے تھےآگے نکل گئے پاکستان نے ترقی کی لیکن بہت سے مواقع بھی ضائع کئے اب تو افغانستان بھی ہمیں پیچھے چھوڑنے کی تیاری کر رہا ہے کیوں کہ افغانستان میں بھی حکومتوں میں تسلسل دیکھنے میں آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کرنے والے ممالک میں طویل استحکام کا دور نظر آئے گا لیکن 2،2 سال میں حکومتیں برطرف کر کے نوے کی دہائی کو غیر مستحکم کیا گیا جب کہ نوے کی دہائی میں پاکستان کی ترقی کی شرح بلند ترین تھی ،نوازشریف اور بے نظیربھٹو میں کوئی برائی ہوگی لیکن وزیراعظم جونیجو میں کیا خرابی تھی وہ توبہت معصوم تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی اور بے یقینی کا جمہوری سفر سوالیہ نشان ہے اس وقت پاکستان کے سامنے آدھا گلاس بھرا اور آدھا خالی والی صورتحال ہے ملک کی ترقی اورآگے بڑھنےکے لئے ہمیں اپنی سوچ کومثبت رکھناچاہئے کیوں کہ مثبت سوچ کامیابی لاتی ہے اور منفی سوچ ناکامی کاپیش خیمہ ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔