نقاب پوش گارڈز پر پابندی لگائی جائے، رینجرز کی سفارش

ساجد رؤف  جمعرات 14 فروری 2013
شہریوں میں خوف بڑھ رہا ہے، باقاعدہ یونیفارم مقررکیا جائے، حکومت سندھ کو تجویز فوٹو: فائل

شہریوں میں خوف بڑھ رہا ہے، باقاعدہ یونیفارم مقررکیا جائے، حکومت سندھ کو تجویز فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے صوبائی حکومت کو شہر بھر میں اہم شخصیات کے ہمراہ ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار مسلح نقاب پوش گارڈز اور رنگین شیشے والی گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی ہے۔

رینجرز ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد شہر کے پوش علاقوں میں تاجروں، صنعت کاروں اور دیگر اہم شخصیات نے اپنی حفاظت کے لیے بڑی تعداد میں نجی سیکیورٹی گارڈز رکھ لیے ہیں جو اہم شخصیات کے ہمراہ چلنے والی ڈبل کیبن گاڑی میںہوتے ہیں اور اکثر وبیشتر دوران سفر سیکیورٹی گارڈز نے چہرے نقاب سے ڈھانپ رکھے ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ نجی سیکیورٹی گارڈ نے کسی قسم کا یونیفارم بھی نہیں پہنا ہوتا ۔

جس کی وجہ سے امن امان کی صورتحال کنٹرول کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو دوران چیکنگ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ دنوں ڈیفنس کے علاقے میں
پیش آیا تھا جہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ایک اہم شخصیت کے نقاب پوش گارڈزکو اسلحے کی نمائش کے الزام میں حراست میں لیا اور انھیں متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ۔

انھوں نے بتایا کہ نقاب پوش سیکیورٹی گارڈز کی نقل وحرکت سے شہریوں میں خوف وہراس بڑھ رہا ہے۔ رینجرز ذرائع نے بتایا کہ پاکستان رینجرز سندھ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے حکومت سندھ سے نقاب پوش نجی گارڈز، رنگین شیشوں والی گاڑیوں اور سرعام اسلحے کے نمائش کرنے پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔