سلمان خان کی پیشکش پر سنجے دت آگ بگولہ

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اگست 2017
سنجے دت نے ایک شوکے دوران سلمان خان کو مغرور قرار دیا تھا؛فوٹوفائل

سنجے دت نے ایک شوکے دوران سلمان خان کو مغرور قرار دیا تھا؛فوٹوفائل

ممبئی: سلمان خان کی جانب سے والد کے کردار کی پیشکش پر سنجے دت آگ بگولہ ہوگئے۔

ایک وقت تھا جب بالی ووڈ میں سلمان خان اور سنجے دت کی دوستی کی مثالیں دی جاتی تھیں، ان کی دوستی اتنی گہری تھی کہ دونوں ایک دوسرے کو اپنا بھائی مانتے تھے، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے اس دوستی میں دراڑ کی خبروں نے میڈیا سمیت ان کے مداحوں کو مایوس کردیا تھا، بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی دوستی میں دراڑ اسوقت پڑنا شروع ہوئی جب سلمان خان نے سنجے دت کو باپ بننے کی پیشکش کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجے دت کی ’’بھومی‘‘ کے ٹریلر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

دراصل 2011 میں سلمان خان نے فلم ’’باڈی گارڈ‘‘  میں سنجے دت کو باپ کا کردارکرنے کی پیشکش کی تھی جس پر سنجے دت ناراض ہوگئے تھے اور سلمان خان کو جواب دیا تھا کہ میں اب اتنا بھی عمر دراز نہیں کہ باپ کا کردار ادا کروں ، اس واقعے کے بعد دونوں کے درمیان موجود رشتے میں دراڑ پڑنی شروع ہوگئی تھی۔

بعد ازاں 2016 میں سنجے دت سے ایک شو کے دوران سلمان خان سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے دبنگ خان کو مغرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلمان خان بہت ہی مغرور اداکار ہیں، جیل سے چھوٹنے کے بعد مجھ سے بالی ووڈ کے کئی اداکار ملنے آئے لیکن خود کو میرا بہترین دوست کہنے والے سلمان ایک بار بھی مجھ سے ملنے نہیں آئے جب کہ جیل میں مجھ تک ایسی کئی خبریں پہنچی تھیں کہ سلمان میرے لیے ایک بڑی پارٹی کا انتظام کرنے والے ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ سلمان نےکوئی پارٹی کا انتظام نہیں کیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجے دت کی نئی فلم کا پوسٹر بھی ہالی ووڈ فلم کا چربہ نکلا

تاہم اب سنجے دت نے اپنے اور سلمان خان کے درمیان تمام اختلافات کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب سنجے دت سےایک بار پھر سلمان خان کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے اپنےاور سلمان کے درمیان اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان کوئی رنجش نہیں، مجھے سمجھ نہیں آتا لوگ ہماری دوستی کے پیچھے کیوں پڑے ہیں اب ہم دونوں روز تو نہیں مل سکتے نا، سلمان اپنے کام میں مصروف ہے اور میں بھی اپنے نئے پروجیکٹس میں بہت بزی رہتا ہوں لہٰذا ہمیں ایک دوسرے سے ملاقات کرنے اور بات کرنےکا موقع بہت کم ملتا ہے لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ ہم دونوں دوست نہیں ہیں میں اب بھی سلمان کو اپنے چھوٹے بھائی کی طرح مانتا ہوں۔

واضح رہے کہ سنجے دت ان دنوں فلم ’’بھومی‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، فلم میں آدیتی راؤ حیدری ان کی بیٹی اور وہ خود ایک جذباتی لیکن محتاط والد کا کردار نبھارہے ہیں ، فلم 22 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔