وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 4 مشیرمقررکردیئے

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اگست 2017
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے ارکان کی تعداد 47 ہے جوکہ معاونین اور مشیران کو ملا کر 56 تک جاپہنچتی ہے فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے ارکان کی تعداد 47 ہے جوکہ معاونین اور مشیران کو ملا کر 56 تک جاپہنچتی ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے 4 رہنماؤں کواپنا مشیرمقررکردیا ہے جن کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابرہوگا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سردارمہتاب کومشیر برائے ہوابازی، جام معشوق علی کو مشیر برائے امور ارسا، انجینئرامیر مقام کو سیاسی امورجب کہ عرفان صدیقی کو قومی تاریخ اور ثقافتی ورثہ ڈویژن کے لئے مشیر مقرر کردیا ہے، ان تمام مشیران کے عہدے وفاقی وزیر کے مساوی ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے اپنے 5 معاونین خصوصی کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دیں ہیں، جن کے تحت ڈاکٹر سیاسی امورکے لیے آصف کرمانی، معاشی امور کے لیے مفتاح اسماعیل، ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے خواجہ ظہیر احمد، قانونی امور کے لیے بیرسٹر ظفر اللہ خان جب کہ میڈیا امورکے لیے ڈاکٹرمصدق ملک وزیراعظم کے معاون خصوصی ہوں گے۔ ان تمام معاونین خصوصی کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہوگا۔

واضح رہے کہ موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے ارکان کی تعداد 47 ہے جوکہ معاونین اور مشیران کو ملا کر 56 تک جاپہنچتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔