پاناما کیس؛ شریف خاندان نیب کے سامنے پیش نہ ہوا

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اگست 2017
نیب راولپنڈی کی ٹیم نواز شریف کی عزیزیہ اسٹیل ملز کے معاملات اور حسن و حسین نواز کے اثاثے چیک کرے گی۔ فوٹو : فائل

نیب راولپنڈی کی ٹیم نواز شریف کی عزیزیہ اسٹیل ملز کے معاملات اور حسن و حسین نواز کے اثاثے چیک کرے گی۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کو آج طلب کیا تھا تاہم شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نیب کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس کی تیاری کے لیے 2 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی ہیں،  مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز تیار کریں گی، نیب لاہور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس تیار کرے گی جب کہ 7 رکنی راولپنڈی کی ٹیم نواز شریف اور ان کے بچوں کے اثاثے، عزیزیہ اسٹیل ملز ہل میٹل کمپنی کے معاملات کی تحقیقات کرے گی۔ ڈائریکٹر نیب راولپنڈی رضوان خان کی سربراہی میں 7 رکنی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نیب میں نواز، حسن اور حسین طلب

نیب نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں نواز شریف سے آج جواب طلب کیا ہے جب کہ حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار اور طارق شفیع کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا تاہم شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نیب کی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل جواب جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر آصف کرمانی نے واضح کیا ہے کہ نیب کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا اور نہ ہی نواز شریف یا ان کے صاحبزادے  جمعہ کو نیب میں پیش ہوں گے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی نیب لاہور میں انکوائری کے دوران کوئی پروٹوکول نہیں دیاجائے گا اور معمول کے مطابق انکوائری کے کمرے میں بٹھایا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نیب کا شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت ان کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔