بھارتیوں نے زخمی شخص کی مدد کے بجائے اسکا موبائل فون اور 12 روپے تک چرا لیے

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
یہ حادثہ کشمیری گیٹ بس ٹرمینل کے قریب پیش آیا جس کا زخمی 12 گھنٹے تک فٹ پاتھ پر بے ہوش پڑا رہا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

یہ حادثہ کشمیری گیٹ بس ٹرمینل کے قریب پیش آیا جس کا زخمی 12 گھنٹے تک فٹ پاتھ پر بے ہوش پڑا رہا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت دہلی میں عوامی بے حسی اور بے رحمی بڑھتی جا رہی ہے جس کا ایک اور مظاہرہ چند روز قبل دیکھنے میں آیا جب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا ایک شخص فٹ پاتھ پر 12 گھنٹے تک پڑا رہا لیکن کسی نے بھی اس کی مدد نہیں کی بلکہ وہ اپنے موبائل فون اور 12 روپے نقد رقم تک سے محروم کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 5 بجے نریندر کمار نامی 35 سالہ شخص کو کشمیری گیٹ بس ٹرمینل کے قریب ایک تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس سے وہ فٹ پاتھ پر جا گرا اور زخمی حالت میں وہیں پڑا رہا۔

آس پاس سے گزرنے والے لوگوں میں سے کسی نے بھی اس کی کوئی مدد نہیں کی اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اس حادثے کی اطلاع دی۔ نریندر کمار بے ہوشی کی حالت میں 12 گھنٹے تک اسی فٹ پاتھ پر پڑا رہا لیکن کوئی بھی اس کی مدد کو نہ آیا۔

البتہ اتنا ضرور ہوا کہ اس کی بے ہوشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اٹھائی گیروں نے اس کا موبائل چوری کر لیا، کپڑوں سے بھرا ہوا اس کا سفری تھیلا لے کر چلتے بنے اور یہاں تک کہ اس کی جیب میں موجود صرف 12 روپے کی رقم بھی نہیں چھوڑی۔

دہلی پولیس کے مطابق انہیں اس واقعے کی اطلاع پڑوس میں رہنے والے ایک شخص نے جمعرات کی صبح فون کر کے دی جس کے بعد پولیس کی گاڑیاں وہاں بھیج دی گئیں۔

خوش قسمتی سے نریندر کمار بہت زیادہ زخمی نہیں تھا اس لیے مرنے سے بچ گیا لیکن حالیہ مہینوں کے دوران عوامی بے حسی کے نتیجے میں حادثات کے ایسے کئی زخمی اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جنہیں بروقت طبی امداد سے بچایا جا سکتا تھا۔

اس علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ نریندر کمار کو زخمی کرنے والی کار کونسی تھی اور نہ ہی یہ پتا چل سکا ہے کہ اس کا تھیلا، موبائل فون اور نقد رقم چوری کرنے والے کون لوگ تھے۔ دہلی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے فائل بند کر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔