یوم آزادی کے موقع پر کنسرٹ کے اعلان پر افغان گلوکارہ کو دھمکیاں

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اگست 2017
اس کنسرٹ سے ہونے والی آمدنی جنگ سے متاثر افراد پر خرچ کی جائےگی؛آریانا سید؛فوٖٹوفائل

اس کنسرٹ سے ہونے والی آمدنی جنگ سے متاثر افراد پر خرچ کی جائےگی؛آریانا سید؛فوٖٹوفائل

کابل: نامورافغانی گلوکارہ اور نغمہ نگارآریانا سید کے افغانستان کے یوم آزادی کے موقع پر کنسرٹ کرنے کے اعلان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا اور کچھ لوگوں کی جانب سے ان کے کنسرٹ پر بم دھماکا کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ہرسال 19 اگست کو افغانستان کا یوم آزادی منایا جاتا ہے اس موقع پر مشہورافغانی گلوکارہ آریانا سید نے کنسرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ان کے اس اعلان سے لوگ خوش نہیں ہیں ،سوشل میڈیا پر ان کے اس اعلان کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پشاور میں افغان گلوکارہ گل ناز فائرنگ سے قتل

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آریانا سید نے گزشتہ روز فیس بک پر اپنی پرفارمنس کی ویڈیو جاری کی جس میں وہ وطن سے محبت پر مبنی گانا گاتی نظر آئیں، ویڈیو کے ساتھ ہی انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر کنسرٹ کرنے کا اعلان کیا تاہم اس ویڈیو کو لوگوں کی جانب سے زیادہ پسند نہیں کیا گیا جب کہ کچھ لوگوں نے ان کی بے عزتی کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر آریانا نے ایسا کیا تو ان کے کنسرٹ میں خود کش بم دھماکا بھی ہوسکتا ہے۔ بعض افراد نے گلوکارہ سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑ کر جانے کیلئے کہہ دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: افغان گلوکارہ کا پہلا نغمہ یوٹیوب پر ایک لاکھ مرتبہ دیکھا گیا

جب کہ کچھ صارفین نے ان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ کا یہ کنسرٹ غلط سوچ رکھنے والوں کیلئے ہے، ایک خاتون نے آریانا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کنسرٹ خیریت سے گزر جائے خدا آپ کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب آریانا سید نے اپنے اعلان پر ڈٹے ہوئے کہا کہ اس کنسرٹ سے ہونے والی آمدنی جنگ سے متاثرہ افراد پر خرچ کی جائے۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ آریانا کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہوبلکہ اس سے قبل رواں سال مئی میں جلد سے ملتا جلتا لباس زیب تن کرکے کنسرٹ میں شرکت کرنے پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر آریانا نے اپنا لباس جلانے کی ویڈیو براہ راست فیس بک پر جاری کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔