نوازشریف ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے، قمر زمان کائرہ

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اگست 2017
میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آنے تک سب کچھ ٹھیک تھا مگر فیصلہ آتے ہی سسٹم اورنظام بھی خراب ہوگیا، رہنما پی پی پی -  فوٹو: فائل

میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آنے تک سب کچھ ٹھیک تھا مگر فیصلہ آتے ہی سسٹم اورنظام بھی خراب ہوگیا، رہنما پی پی پی - فوٹو: فائل

 لاہور: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ میاں صاحب نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چھینا ہے اور وہ  ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

لاہور میں بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ میاں صاحب ذاتی طور پرحکومت چلاتے ہیں اور وہ اداروں سے بھی ذاتی تعلقات بناتے ہیں جب کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہمارا مینڈیٹ چھینا ہے اور ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں میں میاں صاحب بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آنے تک سب کچھ ٹھیک تھا مگر فیصلہ آتے ہی سسٹم اورنظام بھی خراب ہوگیا حالانکہ نوازشریف کو ان کے جرائم پر الگ کیا گیا اور وہ ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کا رویہ قبضہ گروپ والا ہے، میاں صاحب نوٹس ملنے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے،  میاں صاحب آج کہتے ہیں نوٹس نہیں ملا، کل بیماری کا بہانہ ہوگا ،پرسوں کچھ اور ہوگا جب کہ نوازشریف نےعدلیہ پرجتنےالزام لگائے ہیں اس سے آگے گالیاں رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام بہتری کی جانب چل رہا ہے اور ہم اگلے الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ پیپلزپارٹی عوام کے پاس اپنا منشور لے کر جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی فرد کے ساتھ بات کرنے کا شوق نہیں ہے، پارٹی کی سطح پر بات چیت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔