خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 20 اگست 2017
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

گندم کا ذخیرہ
محمد سلیم ، بہاول پور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی زمینوں پر جاتا ہوں۔ میری زمینوں میں گندم کی فصل پک چکی ہوتی ہے اور کھیت بہت خوبصورت لگ رہے ہوتے ہیں۔ میرا دل بہت خوش ہوتا ہے میں اپنے نوکروں کو آواز دیتا ہوں اور وہ میری مدد کے لئے آتے ہیں۔ میں مشین سے گندم اور بھوسہ الگ الگ کردیتا ہوں اور کھیت کے اندر ہی گندم کا بہت بڑا ذخیرہ قائم ہو جاتا ہے اور میرا منشی ایک ٹرک لے کر آتا ہے اور پھر اس گندم کی بوریاں میرے ملازم رکھتے ہیں۔ ٹرک میں کافی زیادہ بوریاں آجاتی ہے ، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو کثرت سے رزق ملے گا۔ رزق حلال کمانے اور کھانے میں ایک ذہنی سکون ملتا ہے۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہوگی جس سے آپ کے مال وسائل دونوں میںبہتری آئے گی۔ آپ کو گھر میں سکون اور آرام ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور اپنی نیک کمائی سے کچھ اللہ کی راہ میں خرچ ضرور کیا کریں۔

سفید بطخ دیکھنا
طاہر علی ،لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ اس کے فارم ہاؤس میں جاتا ہوں۔ فارم ہاؤس کے درمیان میں ایک خوبصورت تالاب ہوتا ہے۔ اس تالاب میں بالکل صاف اور شفاف پانی ہے جس میں سفید رنگ کی چار پانچ بطخیں تیر رہی ہوتی ہیں ۔ میں ان بطخوں کو دیکھ رہا ہوتا ہوں اور یہ منظر بہت خوبصورت نظر آتا ہے پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ جس جگہ آپ کی شادی ہوگی وہ خاتون بہت مالدار ہوگی اور آپ کی عزت میں اضافہ ہوگا اور گھر میں آرام و سکون ملے گا۔ آپ کی خوشی میں اضافہ ہوگا۔ زندگی آرام اور سکون سے گزرے گی۔ کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔

ناشتے میں پنیر لینا
آفاق احمد ،کراچی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں دفتر جانے کے لئے تیار ہوکر کھانے کی میز پر آتا ہوں تو وہاں پر انڈے ڈبل روٹی کے ساتھ شہد بھی ہوتا ہے اور پھر میری بیگم میرے لئے پنیر لے کر آتی ہے اور کہتی ہے کہ آج آپ پنیر بھی کھائیے۔ میں پنیر لیتا ہوں اور اس کو ڈبل روٹی کے ساتھ شہد لگا کر کھاتا ہوں تو مجھے بہت مزا آتا ہے۔ میں پنیر کی لذت سے لطف اندوز ہوتا ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو سفر درپیش ہوسکتا ہے۔ آپ کو محنت اور مشقت سے اپنے کاروبار میں ترقی کرنا ہوگی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا اور آپ کے کاروبار میں بھی ترقی آئے گی جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

مکئی کی روٹی اور سرسوں کا ساگ
امجد حسن ، دیپالپور
خواب میں نے دیکھا کہ میں اپنے چچا کے گھر اس کے گاؤں میں رہتا ہوں۔ وہاں میری چچی بھی ہوتی ہے ۔ دوپہر کے وقت میری چچی میرے لئے مکئی کی روٹی اور سرسوں کا ساگ کھانے کے لئے لاتی ہے۔ وہ میرے سامنے رکھ کر مکھن لانے جاتی ہیں اور پھر بہت زیادہ مکھن ایک برتن میں لا کر میرے سامنے رکھ دیتی ہے ۔ اس روٹی کے اوپر مکھن لگا کر ساگ کے ساتھ کھانا شروع کردیتا ہوں اور میرے چچا بھی بڑے شوق سے دیکھنا شروع کردیتے ہیں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آٰپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ اللہ تعالی کی نعمتوں کی بارش ہوگی ۔کاروبار میں بھی برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور مسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ دین دار اور پرہیز گار ہوں گے۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

پہاڑ پر چڑھنا
غازی خان، سوات
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر کے ساتھ والے پہاڑ کے قریب کھڑا ہوں اور پھر اس پہاڑ کے اوپر چڑھنا شروع کر دیتا ہوں۔ کافی دیر تک اوپر چلتا رہتا ہوں ۔ پانی کی ایک آبشار بھی نیچے آرہی ہوتی ہے اور میں کافی دیر تک قدرت کی اس صناعی کو غور سے دیکھتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ آپ کو کسی نیک بزرگ سے روحانی فیض ملے گا۔ کام کرنے میں کامیابی ملے گی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاحیّ یَاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

آسمان پر اڑنا
ساجد علی،لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں رات کو چھت پر سو رہا ہوتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں آسمان کی طرف اڑ رہا ہوتا ہوں اور اپنے آپ کو ایسا نظر آتا ہوں کہ دنیا کی بجائے نہ جانے کس اوپر والے جہاں میں سفر کر رہا ہوتا ہوں ۔ نیچے دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں تو مکانات اور دیگر چیزیں بہت چھوٹی چھوٹی نظر آتی ہیں۔ میں فضا سے پھر نیچے آنا شروع کر دیتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے درجات میں بلندی آئے گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا اور گھر میں امن اور سکون ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔ ترقی اور کامرانی نصیب ہوگی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاحیّ یَاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

شام کو ڈوبتا سورج دیکھنا
چودھری امیر بخش، ساہیوال
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں ہوتا ہوں اور وہاں پر اپنے کمرے کے باہر بیٹھا ہوا ہوتا ہوں اچانک میری نظر مغرب کی طرف پڑتی ہے۔ سورج کی روشنی آہستہ آہستہ مدھم ہوتی نظر آتی ہے اور سورج نیچے کی طرف ختم ہوتا نظر آتا ہے۔ سورج کی کرنیں میرے کھیت جس میں گندم لگی ہوئی ہوتی ہے، اس پر پڑتی ہیں اور ایک خوبصورت منظر پیش کرتی ہیں ۔ پھر میں کھڑے ہو کر سورج کے ڈوبنے کا منظر دیکھتا ہوں اور دل ہی دل میں خوش ہوتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے مفلسی اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ کی عزت اور توقیر میں کمی آ سکتی ہے۔ کاروبار میں کوئی بڑا نقصان بھی ہو سکتا ہے جس سے مال اور وسائل میں بہت کمی آ سکتی ہے۔ اگر آپ کہیں ملازمت کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے آپ کو ملازمت سے نکال دیا جائے اور پھر بیروزگاری کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بیمار ہو جائیں اور بیماری کچھ بھی ہو جائے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ کسی منگل یا ہفتہ کے دن صبح کالے ماش، کالے چنے، کالا کپڑا کسی مستحق کو دے دیں۔

میاں میرے لئے انگوٹھی لائے
عاشر بیگم،کراچی
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے میاں دفتر سے آتے ہوئے کچھ سامان لے کر آتے ہیں۔ میں اس سامان کو جب کھول کر دیکھتی ہوں تو اس میں ایک خوبصورت ڈبیہ ہوتی ہے اور اس کے اندر ایک چاندی کی انگوٹھی ہوتی ہے۔ اس پر سرخ رنگ کا بڑا خوبصورت عتیق لگا ہوا ہوتا ہے۔ میں وہ ڈبیہ اپنے شوہر کو دیتی ہوں تو وہ مسکرا کر کھول کر اس میں سے انگوٹھی نکال کر انگلی میں پہنا دیتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں۔ میں اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتی ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے گھر میں آرام اور سکون ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ رزق میں بھی برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاحیّ یَاقیوم کا ورد کیا کریں۔ آپ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ ضرور کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

ایک باز درخت کی چوٹی پر
خالد احمد، رحیم یار خان
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کے ہاں ان کے گھر جاتا ہوں ۔ ان کا گھر جنگل شروع ہونے سے پہلے آتا ہے۔ وہاں پر درختوں کے کافی جھنڈ ہوتے ہیں وہاں پر ایک کافی بڑے درخت کے اوپر والے حصہ پر یعنی چوٹی پر ایک سفید رنگ کا باز بیٹھا ہوا ہوتا ہے۔ باز کافی بڑا اور خوبصورت نظر آتا ہے۔ میں کافی دیر تک اس باز کو دیکھتا ہوں جو بالکل ساکت ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے اس میں حرکت نہیں ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ اپنے خاندان اور قبیلہ میں سرداری یا بزرگی عطا ہوگی۔ خیروبرکت حاصل ہو گی۔ رزق میں اضافہ ہوگا۔ کاروبار میں ترقی ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاحیّ یَاقیوم کا ورد بھی کریں ۔ آپ اللہ کی راہ میں کچھ خیرات کر دیا کریں۔

خودکو بوڑھا دیکھنا
جاوید احمد ، ملتان
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں جب صبح اٹھتا ہوں تو آئینہ کے سامنے کھڑا ہوتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میرے سر اور چہرے کے تمام بال سفید ہو چکے ہوتے ہیں۔ اور ایسا لگتا ہے کہ میں کافی بوڑھا اور ضعیف ہو چکا ہوتا ہوں ۔ میرا جسم بھی بوڑھے آدمیوں کی طرح ہوتا ہے۔ اور میں سوچتا ہوں کہ رات کو میں بالکل جوان تھا۔ اب ایسا ایک دم کیسے ہو گیا۔ میں پریشان ہوتا ہوں اور پھر اسی پریشانی میں میری آنکھ بھی کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عمر دراز ہوگی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے مرتبہ میں بلندی ہوگی ۔ گھر اور باہر آپ کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ گھر میں بھی آرام اور سکون ملے گا۔ اولاد فرمانبردار ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاحیّ یَاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

باغ میں آڑو کھانا
چودھری نثار احمد، رینالہ خورد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے چچا کے فروٹ کے باغ میں ہوتا ہوں اور وہاں پر کچھ ملازم بھی ہوتے ہیں۔ میں اپنے چچا کے دفتر میں بیٹھا ہوتا ہوں کہ ایک ملازم ایک پلیٹ میں آڑو لے کر آتا ہے۔ میرے چچا آڑو کھانا شروع کر دیتے ہیں اور مجھے بھی آڑو کھانے کا کہتے ہیں ۔ میں بھی کچھ دانے اٹھا کر کھانا شروع کر دیتا ہوں۔ آڑو بہت زیادہ میٹھے ہوتے ہیں اور ان کا ذائقہ بھی بہت اچھا ہوتا ہے۔ میں کافی زیادہ میٹھے آڑو کھا جاتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہوگی۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو نیک فرزند عطا فرمائے جو آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ فرمائے گا۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یَاشکورْ یَاحفیظْ کا ورد کیا کریں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات بھی کیا کریں۔

مجھے جوتا نہیں ملتا
شاہد خان ، پشاور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی خانقاہ میں جاتا ہوں اور وہاں پر دعا کرنے کے بعد جب واپس آتا ہوں تو کافی زیادہ رش ہونے کی وجہ سے بڑی مشکل سے اس جگہ سے جوتا اٹھاتا ہوں ۔ جہاں میں نے جاتے ہوئے رکھا تھا۔ راستے میں دیکھتا ہوں کہ میرے پاؤں میں کوئی پرانا سا جوتا موجود ہوتا ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ جس جگہ میں نے اپنا جوتا رکھا تھا شاید وہاں سے مل جائے گا۔ میں دوبارہ اسی جگہ پر جاتا ہوں مگر وہاں پر میرا جوتا نہیں ہوتا میں۔ پھر وہی پرانا جوتا پہن کر واپس آتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کے اپنی بیوی سے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں جس سے گھر میں پریشانی اور نا اتفاقی ہو سکتی ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کو کوئی سخت قسم کی بیوی مل جائے جو بدمزاج ہونے کے ساتھ سخت گیر بھی ہو جس سے گھر کا ماحول اکثر رنج و غم والا رہے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے اللہ تعالیٰ سے استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

مینہ برستا دیکھنا
عائشہ بی بی ،گجرات
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوتی ہوں پھر میں چھت پر جاتی ہوں تو میں نے دیکھا کہ آسمان پر کالے بادل چھا رہے ہوتے ہیں۔ ایک دم کالی گھٹا آتی ہے اور پھر مینہ برسنا شروع ہو جاتا ہے۔ پہلے بارش ہلکی ہوتی ہے اور اس کے بعد موسلادھار بارش شروع ہو جاتی ہے میں اوپر والے کمرے سے مینہ برستا دیکھتی ہوں اور یہ بارش کا برسنا مجھے بہت اچھا لگتا ہے اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے گھر میں خوشحالی آئے گی۔ آپ کے لئے خیرو برکت اور صحت کا سبب بنے گا۔ رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی جس سے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔

میں نسوار کھاتا ہوں
شہباز زمان ، مالاکنڈ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کے ساتھ بازار کے ایک چوک میں کھڑا ہوتا ہوں۔ وہاں پر ایک بوڑھا پٹھان نسوار بیچتا ہے۔ میرا دوست ہمیشہ اس سے نسوار خریدتا ہے۔ جب بھی وہ میرے ساتھ اس دوکاندار سے نسوار خریدنے گیا میں بھی اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ وہ نسوار لینے کے بعد تھوڑی سی نسوار کی گولی بنا کر اپنے منہ میں رکھتا ہے اور ایک گولی بنا کر مجھے دیتا ہے۔ میں وہ نسوار کھا لیتا ہوں اور پھر ہم دونوں آگے بازار کی طرف جاتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی، غم اور خوف درپیش آسکتا ہے۔ کسی کاروباری مشکلات کا سامنا پڑ سکتا ہے۔ کاروبار میں نقصان کا احتمال ہو سکتا ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی آسکتی ہے۔ گھر کے حالات بھی بہتر نہیں رہیں گے جس سے امن اور سکون کا فقدان رہے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں اور رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

باغ میں ٹھنڈی ہوا
جاوید احمد ، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں صبح باغ کی سیر کرنے جاتا ہوں ۔ باغ میں بہت زیادہ رونق ہوتی ہے بہت زیادہ خواتین اور حضرات سیر کے لئے آئے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں بھی اسی باغ میں سیر کے لئے اس کی گراؤنڈ کا چکر لگاتا ہوں۔ اس وقت باغ میں بہت ٹھنڈی ہوا چل رہی ہوتی ہے اس سے میری طبیعت بہت خوش ہوتی ہے۔ میں اس گراؤنڈ کے دو چکر لگاتا ہوں اور پھر ایک بنچ پر بیٹھ جاتا ہوں تا کہ تھوڑا سا آرام کر سکوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو راحت اور آرام نصیب ہو گا۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری آپ کو ملے۔ رزق میں برکت ہو گی۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحیّ یا قیوم کا ورد کریں۔

توبہ کرنا
سید مختار احمد ، ملتان
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے محلہ کی مسجد میں ہوتا ہوں اور وہاں پر نماز ادا کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے نہایت عاجزی سے توبہ کر رہا ہوتا ہوں۔ پہلے تو میں آہستہ آہستہ استغفار کرنا شروع کر دیتا ہوں۔ میرے پاس دو تین اور نمازی بھی نماز ادا کر رہے ہوتے ہیں اور پھر وہ میری طرف دیکھنا شروع کر دیتے ہیں ۔ میں اپنی آواز کو پھر نرم کر دیتا ہوں۔ تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے تو میری زبان کے اوپر استغفار (توبہ) ہوتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے مال او وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

ٹھنڈے آم کھانا
چودھری زمان احمد ، شجاع آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے چچا کے گھر میں ہوتا ہوں۔ میرے چچا مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور پھر مجھے کھانے کی دعوت دیتے ہیں۔ پھر ہم سب مل کر میز پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ پھر میری چچی کافی زیادہ ٹھنڈے آم لے کر آتی ہے اور میرے سامنے رکھ دیتی ہے کہ میں جس قدر آم کھا سکتا ہوں کھا لوں۔ میں وہ ٹھنڈے آم بڑے شوق سے کھانا شروع کر دیتا ہوں۔ مجھے خوب مزہ آتا ہے تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے کاروبار اور روزگار میں ترقی ہو گی۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ اللہ تعالیٰ غیب سے مدد فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکوریا حفیظ کا ورد بھی جاری رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔