پٹیشن کے فیصلے پر نہ عدالت سے رجوع کروں گا اور نہ ہی اپیل، طاہرالقادری

ویب ڈیسک  جمعرات 14 فروری 2013
کینیڈا کی شہریت قطعی نہیں چھوڑوں گا، طاہرالقادری  فوٹو ایکسپریس

کینیڈا کی شہریت قطعی نہیں چھوڑوں گا، طاہرالقادری فوٹو ایکسپریس

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم پھر بھی پٹیشن کے فیصلے پر نہ وہ عدالت سے رجوع کریں گے اور نہ ہی اپیل دائر کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق دہری شہریت کے حامل شخص کے ووٹ کے حق پر کوئی اثر نہیں پڑتا، سپریم کورٹ میں حق دعویٰ پر دلائل دینے کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 3 روز تک ان کی دہری شہریت پر بحث کی گئی اور اصل پٹیشن کا ایک لفظ بھی پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کینیڈا کی شہریت چھوڑنے سے قطعی انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم کا نیٹ ورک 90 سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا ہے اور انہیں پاکستانی پاسپورٹ پر کسی ملک کا ویزہ لینے میں کئی ماہ لگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کميشن قائم رہا تو ان کی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ بعد میں کرے گی۔

طاہرالقادری نے دعویٰ  کیا کہ ملک کے روشن مستقبل کے لئے 15 فروری سے ملک بھر میں کئے جانے والے جلسوں میں  عوام کی حیران کن تعداد شرکت کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔