ورلڈ کپ 2019 میں سری لنکا کیلیے براہ راست رسائی کا سنہری موقع

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
سیریزکے 2 اختتامی میچز کولمبو میں 31 اگست اور3 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ فوٹو :فائل

سیریزکے 2 اختتامی میچز کولمبو میں 31 اگست اور3 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ فوٹو :فائل

کولمبو:  سری لنکا کو ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی کا سنہری موقع مل گیا، بھارت سے ون ڈے سیریز میں 2 فتوحات ٹیم کی 2برس بعد شیڈول میگا ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کیلیے کافی ہونگی۔

سری لنکا کو بھارت سے پانچ میچز کی ون ڈے سیریزکے دوران ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی کا سنہری موقع بھی ملے گا، آئی لینڈرز محض2 میچز جیتنے پر میگا ایونٹ کا ٹکٹ یقینی بنالیں گے، کوہلی الیون سے سیریز کا پہلا ون ڈے اتوار کو دمبولا میں کھیلا جائیگا۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم سردست 88 پوائنٹس جوڑ کر آٹھویں نمبر پر ہے، بھارت سے 2 میچزمیں فتح کی صورت میں اس کے مجموعی پوائنٹس 90 ہوسکتے ہیں، جس پر30 ستمبر کی کٹ آف ڈیٹ تک اپنی آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم فی الوقت 78 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے، اسے بھی اس دوران6 ون ڈے انٹرنیشنل میچزکھیلنے ہیں، ان میں 5انگلینڈ اور ایک آئرلینڈ سے شیڈول ہے۔ اگر وہ یہ تمام میچز جیت پائی تو اس کے پوائنٹس 88 ہوں گے اور وہ اعشاریائی فرق سے سری لنکا سے آگے نکل سکتی ہے، البتہ آئرلینڈ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کی ہار سری لنکا کی مشکل آسان کردیگی،ایسی صورت میں بھارت سے وائٹ واش بھی آئی لینڈرز کی ورلڈکپ میں رسائی میں حائل نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی حالیہ پرفارمنس حوصلہ افزا نہیں ہے، عالمی رینکنگ میں 11ویں نمبرپر موجود زمبابوے کی ٹیم بھی اسے 2-3 سے ہوم سیریز میں ہراکرگئی ہے۔

آئی لینڈرز اور بھارت میں سیریز کی شروعات اتوارکو دمبولا میں ہوگی، دوسرا ایک روزہ میچ 24 اگست کو پالے کیلی میں ہوگا جب کہ تیسرا ون ڈے بھی اسی مقام پر 27 اگست کو شیڈول ہے، سیریزکے 2 اختتامی میچز کولمبو میں 31 اگست اور3 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔