پاکستان اور اومان میں 5 ہاکی میچز کی سیریز ہوگی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 19 اگست 2017
 20 اگست سے لاہور میں کیمپ لگے گا۔ فوٹو: فائل

20 اگست سے لاہور میں کیمپ لگے گا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان کی اومان کیخلاف 5 ہاکی ٹیسٹ میچزکی باقاعدہ سیریز طے پاگئی، پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ اسکواڈ اور میزبان سائیڈ کے خلاف سیریز کے یہ مقابلے9 ستمبر سے15ستمبر تک مسقط میں ہوں گے۔

پاکستان کی اومان کیخلاف 5 ہاکی ٹیسٹ میچوں کی باقاعدہ سیریز طے پا گئی ہے، یاد رہے کہ ’’ایکسپریس‘‘ یہ خبر14 اگست کو پہلے ہی شائع کر چکا اور یہ نیوز سینئر اسپورٹس رپورٹر میاں اصغر سلیمی نے فائل کی تھی، ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناکامی کے بعد فیڈریشن حکام نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پی ایچ ایف ڈیولپمنٹ اسکواڈ کے نام سے ٹیم تشکیل دی جسے آئندہ ماہ اومان کیخلاف 5 ٹیسٹ میچزکی سیریز میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

دورے کی تیاریوں کیلیے کیمپ میں30کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان پلیئرز میں 3 گول کیپرز، 6 فل بیکس، 6 ہافس اور 15 فاروڈز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کیمپ کا حصہ بننے والے ان پلیئرز میں زیادہ تر وہ کھلاڑی ہیں جو ابھی نوجوان ہیں اور انٹرنیشنل تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ٹیم کے سینئر کیمپ میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے تھے۔

سلیکٹرز کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں میں حافظ علی عمیر، علی رضا، عمر زمان (گول کیپرز)، اسد عزیز، قاضی اسفند یار، مبشر علی، شاہ فیصل شاہ، زاہد اللہ، سہیل منظور ( فل بیکس)، فیضان، علی رضا، تیمور ملک، تعظیم الحسن، محمد عثمان، عثمان تنویر (ہافس) جبکہ فاروڈز میں محسن صابر، سمیع اللہ، محمد رضوان، محمد عمر حامدی، اکبر علی، شاہ جی احمد، محمد عتیق ارشد، کریم خان، رانا سہیل ریاض، محمد نوید، اویس الرحمن، محمد عامر، عبدالجبار، شان ارشاد اور محمد ایوب علی شامل ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں کو20 اگست کو جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اومان کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز9 ستمبر سے 15 ستمبر تک کھیلی جائیگی۔

ادھر کیمپ کمانڈنٹ محمد عثمان شیخ کا کہنا ہے کہ آج کے یہ کھلاڑی ہی ہماری ہاکی کا مستقبل ہیں، اومان کے خلاف سیریز سے پلیئرز کو انٹرنیشنل تجربہ ملے گا۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت میں انھوں نے کہاکہ اومان کی ٹیم ان دنوں ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے، پلیئرز بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کے بعد گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ٹریننگ کیمپ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، میری رائے میں مسلسل ہاکی کھیلنے کی وجہ سے میزبان ٹیم ہمیں ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس لیے بھر پور تیاریوں کے ساتھ اومان جائیں گے اور حریف سائیڈ کے خلاف اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے، محمد عثمان نے کہا کہ دورۂ اومان کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان عید سے قبل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔