نیب سے پلی بار گین کرنے والے افسران کی تفصیلات طلب

عبدالرزاق ابڑو  ہفتہ 19 اگست 2017
افسران کی موجودہ پوسٹنگزسے بھی آگاہ کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

افسران کی موجودہ پوسٹنگزسے بھی آگاہ کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیب سے پلی بارگین کرنے والے سرکاری افسران کی تفصیلات طلب کرلیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان سرکاری افسران کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جنھوں نے کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے مختلف کیسز میں نیب سے پلی بارگین کی ہوئی ہے اور پلی بارگین کے بعد حکومت سندھ کے ماتحت صوبائی محکموں میں مختلف عہدوں پر تعینات ہیں، انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ان افسران کی موجودہ پوسٹنگز سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے مذکورہ ہدایات سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے پلی بارگین کے باوجود سرکاری افسران کی تعیناتی پر اظہار ناراضی کے بعد جاری کی ہیں، توقع ہے کہ ان افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے افسران اور سرکاری ملازمین کی تعداد 5 سو سے زائد ہے اور ان افسران کا تعلق محکمہ بلدیات، محکمہ تعلیم، محکمہ خوراک، محکمہ ورکس اینڈ سروسز، محکمہ خزانہ، محکمہ ایکسائز اور دیگر محکموں سے ہے، جن میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز، سینئر آڈیٹرز، فوڈ انسپیکٹرز، ڈی ای اوز، ایگزیکٹو انجنیئرز اور دیگر افسران شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔