نواز شریف دھمکیاں دے کرنیب ریفرنسز رکوانا چاہتے ہیں، سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  ہفتہ 19 اگست 2017
آئندہ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے، کوئٹہ میں جلسے سے خطاب۔ فوٹو:فائل

آئندہ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے، کوئٹہ میں جلسے سے خطاب۔ فوٹو:فائل

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف عدالتوں اور اداروں کو دھمکیاں دیکر اپنے خلاف نیب ریفرنسز کو رکوانا چاہتے ہیں۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے سراج الحق نے کہاکہ آرٹیکل 62،63 کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے چاہتے ہیں کہ کوئی دیانت دارشخص اقتدارکے ایوانوں میں نہ پہنچ پائے اور چور لٹیرے اکٹھے ہوکرملک کو لوٹتے رہیں۔ اقتدار حاصل کرنے کا مقصد اگر صرف لوٹ کھسوٹ ہے تو پھر جیلوں کے دروازے کھول کر تمام چور لٹیروں کو بھی چھوڑ دینا چاہیے تاکہ وہ بھی حکومت کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کے آئین نے قوم کو اتحاد و یکجہتی کی لڑی میں پرو رکھاہے اسے کسی فرد یا خاندان کے مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کو سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی نے صفائی کا جتنا موقع دیا، شاید ہی کسی کو دیاگیاہو مگر وہ خودکو بے گناہ ثابت نہیں کرسکے اور پھر انھوں نے عدالتوں اور اداروںسے محاذآرائی شروع کردی۔ انھیں شیشہ توڑنے کے بجائے اپنا منہ دھونا چاہیے تھا جس پرلگی سیاہی کو پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان میں پورے ملک سے زیادہ کرپشن ہے یہاں سے جو خان اورسردار اسلام آباد پہنچتے ہیں ، وہ عوام کے مسائل بھول کر اپنے عیش و آرام اور اپنی نسلوں کو سنوارنے میں لگ جاتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ انتخابی نظام میں عام آدمی الیکشن لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔