پنجاب نے وفاق سے 70 ارب کے بقایا جات مانگ لیے

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 19 اگست 2017
سال 2016-17 کی باقی رقم ادا کی جائے، 25 ارب کے صوبائی بانڈ جاری کرنے کی منظوری بھی دی جائے، پنجاب حکومت کا وفاق کو خط۔ فوٹو: فائل

سال 2016-17 کی باقی رقم ادا کی جائے، 25 ارب کے صوبائی بانڈ جاری کرنے کی منظوری بھی دی جائے، پنجاب حکومت کا وفاق کو خط۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں مالی بحران پر قابو پانے کیلیے وفاق سے 70 ارب روپے مانگ لیے۔

پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے کہ سال 2016 اور سال 2017 کے بقایا جات کی مد میں پنجاب حکومت کو ادائیگی کی جائے اور اس حساب کے مطابق پنجاب حکومت کو فوری طور پر70 ارب روپے ادا کیے جائیں۔ پنجاب حکومت کاکہنا ہے کہ وفاق نے بقایاجات کی مد میں پنجاب حکومت کی یہ رقم دبا رکھی ہے جس کا پنجاب حکومت نے مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے صوبے میں مالی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کیلیے صوبائی سطح پر بانڈ جاری کرنے کی بھی وفاق سے اجازت مانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلے مرحلے پر 25 ارب روپے کے بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی شرح سود اور دیگر خدوخال کا تعین کیا جا رہا ہے، محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ حکومت پنجاب نے وفاق کو لکھا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے اس کے اجراکی منطوری لے کر دی جائے، حکومت پنجاب اس بانڈ اسکیم سے زرمبادلہ کمانا چاہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔