امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا وفد کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
امریکی وفد کو پاک فوج کے آپریشنز اور پاک افغان بارڈر سیکیورٹی مکینزم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر۔ فوٹو : اسکرین شاٹ

امریکی وفد کو پاک فوج کے آپریشنز اور پاک افغان بارڈر سیکیورٹی مکینزم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر۔ فوٹو : اسکرین شاٹ

 راولپنڈی: امریکی وفد نے یوایس سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی سربراہی میں شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فوج کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو ایس سینٹ کام کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل کی قیادت میں امریکی وفد شمالی وزیرستان ایجنسی پہنچا تو کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر امریکی وفد کو شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشنز اور پاک افغان بارڈر سیکیورٹی مکینزم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سرحد پر نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ وفد کو شمالی وزیرستان کی سماجی و معاشی ترقی بشمول عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

امریکی وفد نے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پاک فوج  اور مقامی قبائل کی قربانیوں اور کاوشوں کو بھی سراہا۔ وفد نے پاک افغان مشترکہ بارڈر سیکیورٹی تعاون کی اہمیت کا بھی اعتراف کیا۔ بعد ازاں امریکی وفد نے آرمی پبلک اسکول میرانشاہ کا بھی دورہ کیا اور طالب علموں سے ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔