شریف خاندان میں اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے، مریم نواز

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
شریف خاندان میں اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے ، مریم نواز- فوٹو: فائل

شریف خاندان میں اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے ، مریم نواز- فوٹو: فائل

لاہور: نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں لیکن اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شریف خاندان میں اختلافات کی من گھڑت اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، حمزہ شہباز اور پرویز ملک نے این اے 120 سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ شریف خاندان میں آج بھی پہلے کی طرح اتفاق ہے اور ہمیشہ رہے گا جب کہ اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے۔

اس سے قبل ترجمان (ن) لیگ نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی میں اختلافات مخالفین کی خواہش ہو سکتی ہے جو کبھی پوری نہیں ہو گی جب کہ پرویز ملک کو بطور صدر مسلم لیگ (ن) لاہور، این اے 120 میں ضمنی انتخاب کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

واضح رہے میڈیا میں اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ نوازشریف نے اپنے بھتیجے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کو این اے 120 کی انتخابی مہم سے علیحدہ کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔