بھارتی ٹی وی کے دو اداکار ٹریفک حادثے میں ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اگست 2017
دونوں اداکار گجرات میں امبر گاؤں سے اپنے ٹی وی سیریل ’’ماہاکالی‘‘ کی شوٹنگ ختم کرکے واپس ممبئی آرہے تھے ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

دونوں اداکار گجرات میں امبر گاؤں سے اپنے ٹی وی سیریل ’’ماہاکالی‘‘ کی شوٹنگ ختم کرکے واپس ممبئی آرہے تھے ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

گجرات: بھارتی ٹی وی شو کے اداکار گاگن کنگ اور ارجیت لاوانیا کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار گجرات میں امبر گاؤں سے اپنے ٹی وی سیریل ’’ماہاکالی‘‘ کی شوٹنگ ختم کر کے واپس ممبئی آ رہے تھے اس دوران احمد آباد ممبئی ہائی وے پر ان کی گاڑی بے قابو ہو کر کھڑے ہوئے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں اداکار موقع پر ہی چل بسے جب کہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

حادثے کے بعد پولیس نے ٹرالر کے ڈرائیور کو حراست میں لیا لیکن عینی شاہدین نے جب پولیس کو بتایا کہ ٹرالر سڑک کنارے کھڑا تھا اور حادثے میں اس کے ڈرائیور کی کوئی غلطی نہیں تھی تو پولیس نے ڈرائیور کو رہا کر دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کہا ہے ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور حادثے کے وقت اداکار گاگن کنگ نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔