پیزا اور برگر کا زیادہ استعمال کینسر کی بڑی وجہ

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017
پیزا اور برگر میں غزائیت کم اور کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہیں، محققین۔ فوٹو : فائل

پیزا اور برگر میں غزائیت کم اور کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہیں، محققین۔ فوٹو : فائل

ایریزونا: پیزا، برگرز اور جنک فوڈ کے شوقین افراد کے لیے بری خبر ہے کہ ان کے استعمال سے نہ صرف وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے بلکہ کینسر کا خطرہ بھی کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔

نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیزا، برگر اور کیلوریز سے بھرپور دیگر جنک فوڈز کے حد سے زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے ان لوگوں میں بھی کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو موٹے نہیں ہوتے۔ تحقیق کے مطابق ڈاکٹرز نے 90 ہزار خواتین کی خوراک کا جائزہ لیا جو باقاعدگی سے فاسٹ فوڈ استعمال کرتی تھیں اور نتائج میں یہ بات دیکھنے میں آئی کہ ان خواتین میں کینسر کا خطرہ 10 فیصد تک زیادہ تھا۔ ان خواتین میں کینسر کی ان اقسام کا خطرہ زیادہ پایا گیا جو عام طور پر موٹاپے کے شکار افراد کو ہوتا ہے حالانکہ ان کا وزن اتنا زیادہ نہیں تھا۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جنک فوڈ کے زیادہ استعمال سے ادھیڑ عمر مرد و خواتین میں کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں پر اس کا کیا اثر ہوتا ہے اس سلسلے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ پیزا اور برگر میں غذائیت کم اور کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہیں اور ان کے زیادہ استعمال سے انسانی جسم میں ضرورت سے زیادہ کیلوریز جمع ہو جاتی ہیں جو آگے چل کر کینسر کی وجہ بن سکتی ہیں۔ اس کے مقابلے میں سبزیاں، پھل اور دالیں انسانی جسم کو زیادہ غذائیت فراہم کرتی ہیں اور ان میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔