بھارت نے جاسوسی کے الزام میں قید پاکستانی کو رہا کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017
ارشد محمد کی سزا گزشتہ سال 16 اگست کو مکمل ہوگئی تھی، بھارتی میڈیا۔ فوٹو: اسکرین گریب

ارشد محمد کی سزا گزشتہ سال 16 اگست کو مکمل ہوگئی تھی، بھارتی میڈیا۔ فوٹو: اسکرین گریب

نئی دہلی: بھارت نے جاسوسی کے الزام میں قید پاکستانی ارشد محمد کو رہا کردیا جنہیں واہگہ بارڈر پر حوالے کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کی ورنگل سنٹرل جیل میں قید پاکستانی محمد ارشد کو رہا کردیا گیا۔ جیل حکام نے محمد ارشد کو ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کی پولیس کے حوالے کردیا۔ ارشد محمد کو 2009 میں پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے اور غداری کے الزام میں گرفتار کرکے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کلبھوشن کی سزا کے رد عمل میں بھارت کا پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار

بھارتی حکام نے کہا کہ ارشد محمد کی سزا گزشتہ سال 16 اگست کو مکمل ہوگئی تھی اور انہیں واپس پاکستان جانے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن پاکستانی حکومت نے اس کیس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا جس کے نتیجے میں دستاویزی عمل تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے ارشد محمد کو مزید ایک سال جیل میں گزارنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں 242 جب کہ بھارت میں 231 پاکستانی قید ہیں،وزارت خارجہ

ارشد محمد نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے واپس پاکستان بھجوانے کی اپیل کی جس پر بھارتی وزارت خارجہ نے انہیں واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکومت کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا۔ جیل سے باہر نکلنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد محمد نے کہا کہ وہ قید کے دوران دمہ اور ریڑھ کی ہڈی کے مریض بن چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔