کورنگی انڈسٹریل پارک، مزید 3 کمپنیوں کی سرمایہ کاری دلچسپی

بزنس رپورٹر  جمعـء 15 فروری 2013
سیکیورٹی کیلیے بائیو میٹرک سسٹم نصب، اپنا پاور پلانٹ ہوگا، خالد محمود/محسن سید   فوٹو : ایکسپریس

سیکیورٹی کیلیے بائیو میٹرک سسٹم نصب، اپنا پاور پلانٹ ہوگا، خالد محمود/محسن سید فوٹو : ایکسپریس

کراچی: پاکستان انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی آئی ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو خالد محمود چڈا نے کہا ہے کہ نیشنل انڈسٹریل پارکس ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے کراچی کی صنعتوں کو درپیش سیکیورٹی اور بجلی کی قلت جیسے دو اہم مسائل کورنگی کریک انڈسٹریل پارک کے ذریعے ختم کردیے ہیں جس سے اس منصوبے میں ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔

کورنگی انڈسٹریل پارک میں سرمایہ کاری کے لیے 3 کمپنیوں موبل عسکری لمیٹڈ، ال رحمن لبریکنٹس اور فرخ امپیکس کے ساتھ لائسنس ایگری منٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورنگی کریک انڈسٹریل پارک میں سیکیورٹی کے لیے بائیو میٹرک سسٹم استعمال کیا جائے گا جس سے انڈسٹریل پارک میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممکن نہیں ہوگا، اسی طرح منصوبے کے اپنے 48 میگا واٹ پاور پلانٹ سے بجلی کی 24 گھنٹے بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ پہلے ہی نئی صنعتوں کے قیام کے لیے ناکافی ہوچکی ہے، اس لیے کراچی میں صنعتی ترقی کے لیے کورنگی کریک انڈسٹریل پارک کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل انڈسٹریل پارک ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او محسن سید نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی صنعتی زون کی سیکیورٹی کے لیے بائیو میٹرک سسٹم استعمال کیا جارہا ہے جو نادرا سے منسلک ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔