9لاکھ روپے کابل، ڈی جے کالج کی بجلی منقطع کردی گئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 فروری 2013
بجلی منقطع ہونے سے کالج کے کلاس رومز ،تجربہ گاہوں اور دفاتر میں اندھیراہوگیاجس سے تدریسی عمل متاثرہو رہا ہے۔ فوٹو: فائل

بجلی منقطع ہونے سے کالج کے کلاس رومز ،تجربہ گاہوں اور دفاتر میں اندھیراہوگیاجس سے تدریسی عمل متاثرہو رہا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: 9لاکھ روپے کی غیرمعمولی رقم کی عدم ادائیگی پرکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کابجلی کاکنکشن منقطع کردیا۔

بجلی منقطع ہونے سے کالج کے کلاس رومز ،تجربہ گاہوں اور دفاتر میں اندھیراہوگیاجس سے تدریسی عمل متاثرہو رہا ہے اور کالج کے دفتری وانتظامی اموربھی تعطل کاشکارہیں، کالج میں بجلی نہ ہونے کے سبب طلبہ کوپریکٹیکلز کرنے میں بھی شدید دشواری کاسامنا ہے’’ایکسپریس‘‘کومعلوم ہواہے کہ کالج میں جاری تعمیراتی کام کے دوران ٹھیکیدارنے تمام امورکالج سے کنڈاڈال کرانجام دیے ہیں اوراس کنڈے سے بھاری تعمیراتی مشینری ودیگربجلی کے آلات کااستعمال کیاگیاجس کے سبب ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کی بجلی کابل 9لاکھ روپے تک جاپہنچااوربل کی عدم ادائیگی پرکراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن نے کالج کی بجلی منقطع کردی۔

’’ایکسپریس‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کالج انتظامیہ نے اس امرکی تصدیق کی ہے، واضح رہے کہ ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کے تاریخی حیثیت کے حامل قدیمی پرنسپلزبینگلوزجہاں ماضی میں شعبہ ارضیات اور ریاضی کی کلاسز ہوتی تھی وہاں تقریباًایک سال قبل سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ اورصوبائی وزیرتعلیم کاکیمپس آفس قائم کیاجاچکاہے، قابل ذکرامریہ ہے کہ پرنسپل بینگلوزمیں قائم ان دونوں دفاترکی بجلی کابل بھی ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج ہی اداکرتاہے جس کے سبب کالج پربجلی کے بل کی مدمیں اضافی بوجھ پڑھ رہاہے تاہم صوبائی محکمہ تعلیم کے دبائوپرکالج انتظامیہ پرنسپل بینگلوزمیں قائم دونوں دفاتر کا بجلی کابل بھی اداکرنے پرمجبورہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔