بچوں پر تشدد کرنے والے افراد کو ویرات کوہلی کا سخت پیغام

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017
لوگ اب تک ہزاروں کی تعداد میں یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں؛فوٹوفائل

لوگ اب تک ہزاروں کی تعداد میں یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں؛فوٹوفائل

ممبئی: معصوم بچوں پر تشددکرنے کی اجازت دنیا کا کوئی قانون نہیں دیتا، حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو جس میں ایک چھوٹی سی بچی کے ساتھ پڑھائی کے دوران ناروا سلوک کیا جارہا ہے دیکھ کر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور بچوں پر تشدد کرنے والے افراد کو کھری کھری سنادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روزبھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک  خاتون  جو ممکنہ طور پر بچی کی والدہ ہوسکتی ہے ایک چھوٹی سی بچی کو پڑھانے کے ساتھ اس پر چلاتی اور تشدد کرتی نظر آرہی ہے جب کہ بچی خاتون کے ڈر سے بمشکل الفاظ ادا کرپارہی ہے اور ساتھ میں  رو رو کر کہہ رہی ہے کہ اسے پیار سے پڑھایا جائے،بچی کی التجا اور آنسو کسی کا بھی دل پگھلانے کیلئے کافی ہیں، ویرات بھی بچی کے ساتھ ہونے والے اس ناروا سلوک پر خاموش نہیں رہ سکے انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ تمام والدین کو بچوں کے ساتھ نرم دلی اور شفقت سے پیش آنے کی درخواست کی ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بچوں پر تشدد کرنے والے افراد کیلئے ایک مضبوط پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ ویڈیو میں بچی کے درد اور غصے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے، مجھے یہ ویڈیو دیکھ کرافسوس کے ساتھ سخت صدمہ پہنچا ہے کہ ایک معصوم سی بچی کو اتنے بے رحمانہ طریقےکے ساتھ پڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے ، بچے دھمکی سے کبھی نہیں سیکھتے۔

واضح رہے کہ پڑھائی کے دوران بچی کے ساتھ ناروا سلوک کیے جانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ ویڈیو میں موجود خاتون کے طریقہ کار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔