چوٹ لگنے پر درد محسوس نہ کرنے والا عجیب و غریب بچہ

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017
ڈیکسٹر کے والدین کو اس بیماری کے بارے میں اس وقت علم ہوا جب وہ 4 ماہ کا تھا۔ فوٹو : فائل

ڈیکسٹر کے والدین کو اس بیماری کے بارے میں اس وقت علم ہوا جب وہ 4 ماہ کا تھا۔ فوٹو : فائل

لندن: انگلینڈ کا رہائشی 3 سالہ ڈیکسٹر ایسی عجیب و غریب بیماری میں مبتلا ہے کہ اسے چوٹ لگنے پر نہ تو درد محسوس ہوتا ہے اور نہ ہی تکلیف میں وہ روتا ہے۔

بچے انتہائی نازک ہوتے ہیں اور ہلکی سی چوٹ لگ جائے تو فوراً آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں بلکہ بعض بچے تو ہلکی سی خراش پر بھی پورا گھر سر پر اٹھا لیتےہیں لیکن انگلینڈ کے رہائشی 3 سالہ ڈیکسٹر کو اب تک متعدد چوٹیں لگ چکی ہیں مگر نہ تو وہ آج تک چوٹ لگنے کی وجہ سے کبھی رویا اور نہ ہی اس کو تکلیف محسوس ہوئی ہے، ڈیکسٹر کو کئی بار سنگین قسم کے فریکچر کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں انگوٹھا، ہاتھ اور پاؤں کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے لیکن ڈیکسٹر نے ہر بار کسی بھی قسم کا کوئی رد عمل نہیں دیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق ڈیکسٹر کو لاحق بیماری جینیاتی خرابی میں آتی ہے جس میں انسان نہ تو درد محسوس کرسکتا ہے اور نہ ہی درجہ حرارت کو جب کہ یہ بیماری 125 ملین افراد میں سے کسی ایک کو ہی ہوتی ہے۔ ڈیکسٹر کے والدین کے مطابق انہیں اس بیماری کے بارے میں اس وقت علم ہوا جب ڈیکسٹر 4 ماہ کا تھا۔

ڈیکسٹر کے والدین کا کہنا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں ان کا بیٹا سپر ہیرو ہے لیکن یہ بہت خطرناک بات ہے کیوں کہ اگر کبھی اس کو اپینڈکس ہو تو درد نہ ہونے کی وجہ سے کبھی نہیں بتا پائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔