بھارتی خاتون نے گھر میں بیت الخلاء نہ بنوانے پر طلاق لے لی

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017
شوہر نے گھر کے اندر ٹوائلٹ نہ بناکر خاتون کو جسمانی و ذہنی اذیت سے دوچار کیا، عدالت۔ فوٹو: فائل

شوہر نے گھر کے اندر ٹوائلٹ نہ بناکر خاتون کو جسمانی و ذہنی اذیت سے دوچار کیا، عدالت۔ فوٹو: فائل

جے پور: بھارت میں ایک خاتون نے گھر میں بیت الخلاء نہ بنوانے پر اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جےپور کی مقامی عدالت نے خاتون کی درخواست پر سماعت کے دوران فیصلہ دیا کہ شوہر نے گھر کے اندر ٹوائلٹ نہ بنا کر خاتون کو جسمانی و ذہنی اذیت سے دوچار کیا لہٰذا خاتون کا علیحدگی اختیار کرنے کا مطالبہ درست ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ’’ٹوائلٹ کیفے‘‘ متعارف کرا دیا گیا

خاتون نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کی شادی کو پانچ برس ہوچکے ہیں اور بار بار کہنے کے باوجود اس کے شوہر نے رفع حاجت کے لیے گھر میں ٹوائلٹ نہیں بنایا اور یہ کسی ظلم سے کم نہیں ہے۔ دوران سماعت اپنے ریمارکس میں جسٹس راجندر کمار شرما نے کہا کہ گاؤں دیہات میں عورتیں رفع حاجت کے لیے شام ڈھلنے کا انتظار کرتی ہیں اور اس دوران وہ سخت تکلیف میں رہتی ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خواتین کو رفع حاجت کے لیے محفوظ ماحول فراہم نہ کرنا تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں عدالت اسی صورت طلاق کے حق میں فیصلہ دیتی ہے جب ظلم، تشدد اور بیوی سے مالی فوائد حاصل کرنے کے شواہد پیش کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: انوپم کھیر ٹوائلٹ سے متعلق سوال پر برطانوی صحافی پر برس پڑے

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی تقریباً نصف آبادی یعنی 60 کروڑ افراد کو رفع حاجت کے لیے بیت الخلاء دستیاب نہیں۔ اس سلسلے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ایک مہم شروع کر رکھی ہے جس کے مطابق ان کا مشن ہے کہ 2019 تک بھارت کے ہر گھر میں بیت الخلاء موجود ہو۔

بھارت میں بیت الخلاؤں کی کمی کی کئی وجوہات ہیں جن میں ایک تو غربت جبکہ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر لوگ گھر کے اندر بیت الخلاء بنانا درست نہیں سمجھتے۔ تاہم اب خواتین کی جانب سے گھر کے اندر ٹوائلٹس کی تعمیر کے لیے آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ گزشتہ برس بھی ایک خاتون نے شادی توڑ دی تھی کیوں کہ اس کے منگیتر نے گھر کے اندر ٹوائلٹ بنانے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی طرح ایک خاتون اپنے میکے چلی گئی تھی اور یہ شرط رکھ دی تھی کہ وہ اس وقت تک اپنے سسرال نہیں جائے گی جب تک وہاں ٹوائلٹ نہیں بنے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔