امریکا میں اکیسویں صدی کا تاریخی مکمل سورج گرہن

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017
سورج گرہن 2 منٹ 40 سیکنڈ تک برقرار رہے گا۔ فوٹو: فائل

سورج گرہن 2 منٹ 40 سیکنڈ تک برقرار رہے گا۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکا کی 14 ریاستوں کے باشندے آج اکیسویں صدی کا مکمل سورج گرہن اور اس کے نتیجے میں بننے والا خوبصورت ڈائمنڈ رنِگ کا نظارہ بھی کیا گیا۔ جبکہ بقیہ درجنوں ریاست کے افراد اور شائقین نے جزوی سورج گرہن کا نظارہ کیا۔ 

مکمل سورج گرہن نےایک ربِن کی صورت میں امریکی سرزمین پر سفر کیا جس کا مشاہدہ آریگون، ایڈاہو، وایومنگ، مونٹانا، نبراسکا، آیووا، کنساس، میسوری، الینوئے، کنٹکی، ٹینیسی، جارجیا، نارتھ اور ساؤتھ کیرولینا کے مخصوص علاقوں کیا گیا  جبکہ اس کے اطراف علاقے کے لوگوں نے جزوی سورج گرہن دیکھا۔

واضح رہے کہ یہ پورے امریکہ میں یعنی ملک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک دیکھا جانے والا اکیسویں صدی کا پہلا سورج گرہن ہے جو آخری مرتبہ 8 جون 1918 کو دیکھا گیا تھا لیکن امریکہ کی دو ریاستوں الاسکا اور ہوائی میں مکمل سورج گرہن 26 فروری 1979 کو رونما ہوا تھا۔

سورج گرہن کو دیکھنے کے لئے ناسا کی جانب سے عوام میں خصوصی چشمے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔

ناسا کے ماہرین نے ایک جانب اس موقع کا فائدہ اٹھاتےہوئے کئی اہم سائنسی تجربات کئے ہیں تو خوش قسمتی سے اس بار سورج چاند کے مقابلے میں 400 گنا بڑا اور 400 گنا فاصلے پر بھی تھا۔ اس جیومیٹرائی کیفیت کے مطابق ایک وقت ایسا آیا جب دھیرے دھیرے چاند کے سائے نے سورج کی روشنی کو روک لیا اور امریکیوں نے اس کا اہم مشاہدہ کیا۔

مکمل سورج گرہن کے اس عمل میں چاند، زمین و سورج کے درمیان آجاتا ہے اور یوں چاند کا سایہ زمین پر پڑتا ہے۔ اس عمل کے دوران سورج کی مہین فضا کرونا کا مشاہدہ بھی ممکن ہوا۔ سب سے پہلے اوریگون کے باسیوں نے  اس کا مشاہدہ کیا جہاں صبح 9 بج کر 6 منٹ پر سورج گرہن کا عمل شروع ہوا اور مکمل سورج گرہن 10 بج کر 19 منٹ تک رہنے کے بعد گرہن بتدریج ختم ہوگیا۔ جبکہ ساؤتھ کیرولینا کے لوگوں کی باری سب سے آخر میں آئی  جہاں 2 بج کر 41 منٹ پر سورج گرہن اپنے جوبن پر پہنچا۔ پورے امریکا میں مکمل گرہن کا دورانیہ اوسطاً 2 منٹ 40 سیکنڈ تک برقرار رہا۔ یعنی تقریباً ڈھائی منٹ تک چاند کے سائے نے سورج کو چھپالیا اور اس عرصے میں تھوڑی دیر کے لیے اتنا اندھیرا ہوگیا کہ دن میں رات کا گمان ہونے لگا تھا۔

اس کے علاوہ جزوی سورج گرہن شمالی امریکا، افریقا، یورپ میں بھی دیکھا گیا لیکن پاکستان اور ایشیا کے لوگ اس دلفریب نظارے سے محروم رہے۔ تاہم قارئین کو یاد ہو گا کہ 11 اگست 1999 کو پاکستان سمیت ایشیا کے کئی ممالک میں یادگار مکمل سورج گرہن دیکھا گیا تھا۔

اس جیسا اگلا سورج گرہن 12 اگست 2045 میں دیکھا جاسکے گا یعنی امریکہ کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک مکمل سورج گرہن واقع ہوگا۔ تاہم امریکہ کے کچھ علاقوں میں مکمل سورج گرہن 8 اپریل 2024 کو واقع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔