جنوبی افریقا میں ٹریفک حادثے میں 19 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017
تیز رفتار منی بس بے قابو ہوکر ہائی وے سے نیچے جاگری جس کے نتیجے میں 18 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ فوٹو : ٹائمز لائیو

تیز رفتار منی بس بے قابو ہوکر ہائی وے سے نیچے جاگری جس کے نتیجے میں 18 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ فوٹو : ٹائمز لائیو

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے صوبے کوازولو نتال کے علاقے پیٹرمیریز برگ میں ایک تیز رفتار منی بس بے قابو ہوکر ہائی وے سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں 18 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شخص نے بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ منی بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، لائسنس کے مطابق بس میں 16 افراد کی گنجائش تھی تاہم اس میں ڈرائیور سمیت 26 افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد جب ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے تو انہیں دور دور تک لاشیں بکھری ہوئی ملیں۔ حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔