انسائیڈر ٹریڈنگ میں ملوث پنجاب بینک کے افسران کیخلاف رپورٹ تیار

ارشاد انصاری  پير 21 اگست 2017
مذکورہ اسکینڈل میں ملوث بینک آف پنجاب کے ڈائریکٹرز اور افسران کے خلاف مقدمہ دائر کروادیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

مذکورہ اسکینڈل میں ملوث بینک آف پنجاب کے ڈائریکٹرز اور افسران کے خلاف مقدمہ دائر کروادیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی) نے انسائیڈر ٹریڈنگ میں ملوث بینک آف پنجاب کے افسران کے خلاف کی جانے والی کارروائی سے متعلق رپورٹ  تیار کرلی ہے جو بدھ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بینک آف پنجاب کے افسران  و ڈائریکٹرز کی ملی بھگت سے انسائیڈر ٹریڈنگ اور اس کے تحت خریدے جانے و فروخت کیے جانے والے شیئرز کی مالیت سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی تھی اور یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا جائے کہ مذکورہ سکینڈل میں ملوث افسران کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے اور ان سے کوئی ریکوری کی گئی ہے تو اس کی بھی تفصیلات بتائی جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکینڈل میں ملوث بینک آف پنجاب کے ڈائریکٹرز اور افسران کے خلاف مقدمہ دائر کروادیا گیا تھا اور ان کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی تھیں۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ بدھ کو بلائے جانے والے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ  کے اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر کے ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔