راجن پورسے گزشتہ روز اغوا کیے گئے7 پولیس اہلکار بازیاب

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017
ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس۔ فوٹوفائل

ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس۔ فوٹوفائل

راجن پور: پولیس نے گزشتہ روز راجن پور روجہان میں کچے کے علاقے سے اغوا کیے گئے 7 پولیس اہلکاروں کو ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد بازیاب کرالیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز راجن پور میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا جس کے بعد پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے اہلکاروں کو چھڑانے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا، پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم اس دوران ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جب کہ پولیس نے اغوا ہونے والے ساتوں مغوی اہلکاروں کو باحفاظت بازیاب کرالیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: راجن پورمیں ڈاکوؤں نے7 پولیس اہلکاروں کواغوا کرلیا

اغوا ہونے والے اہلکاروں میں ایلیٹ فورس کے لقمان، ذیشان، شاکر، صابر، جمشید، صفدر نائچ اور اے ایس آئی مزمل شامل تھے، ڈی پی او راجن پور عتیق طاہر کے مطابق پولیس اہلکار گزشتہ روز ڈیوٹی ختم ہونے پر روجہان کے کچے کے علاقے سے واپس آرہے تھے کہ ڈاکوؤں نے غیر مسلح ہونے کا فائدہ اٹھاکر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا اور کشتی سمیت اغوا کرکے لے گئے تاہم پولیس کے کامیاب محاصرے کے بعد مغوی اہلکاروں کو بازیاب کرالیا گیا لیکن اندھیرےکا فائدہ اٹھا کر ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چھوٹو گینگ نے ہتھیار ڈال دیے

واضح رہے کہ کچے کے علاقے میں آئے روز پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے جاری رہتے ہیں جب کہ گزشتہ سال پاک فوج کے گرینڈ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے سرغنہ چھوٹو گینگ نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے تاہم ایک بار پھر ڈاکو کچے کے علاقے میں سرگرم ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔