قومی ٹوئنٹی 20 کپ کے انعقاد پر سوالیہ نشان

اسپورٹس رپورٹر  پير 21 اگست 2017
بیرون ملک سے وطن واپسی پرکرکٹرز 22 اگست سے لاہور میں شروع ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بیرون ملک سے وطن واپسی پرکرکٹرز 22 اگست سے لاہور میں شروع ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: رواں ماہ شیڈول قومی ٹوئنٹی 20 کپ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے انوکھے فیصلے ہمیشہ زیر بحث رہے ہیں اور ان فیصلوں کو گاہے بگاہے  سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور شائقین کی طرف سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑتا رہا ہے، حال ہی میں پی سی بی نے کیربیئین پریمیئر لیگ اور انگلش کاؤنٹی لیگز کھیلنے میں مصروف قومی کرکٹرزکوفوری طور پر وطن پہنچنے کا حکم صادر کر کے ایک اورنئی بحث چھیڑدی ہے، لیگز ادھوری چھوڑ کر پاکستان آنے کی وجہ سے ان کرکٹرز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تازہ صورتحال کے پیش نظرکھلاڑی پی سی بی کی اس پالیسی سے خاصے نالاں ہیں جس کا اظہار ان کرکٹرز نے دبے دبے الفاظ میں بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز  کے22اگست سے شروع ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کے بعد غیر ملکی کوچ مکی آرتھر اپنے وطن  روانہ ہو جائیں گے اورچند دن تعطیلات گزارنے کے بعد  واپس پاکستان پہنچیں گے، قومی  ٹوئنٹی20  کپ کو ملتوی کرنے کا ڈرامہ بھی پی سی بی نے  مکی آرتھر کو سیرسپاٹے فراہم کرنے کے لیے رچایا، ایونٹ کا پہلا مرحلہ 25 اگست سے ملتان میں شروع ہونا تھا، تاہم اب ملتان میں ایونٹ کی تیاریاں روک دی گئی ہیں۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد کے حوالے سے دو تین آپشنز زیر غور ہیں اور ایونٹ نومبر تک ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے تاہم پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی20 سے متعلق اعلان ایک، دو روز تک کیے جانے کا امکان ہے،  جب کہ فیصل آباد میں انتظامیہ کو 4 ستمبر سے 19 ستمبر کی تاریخیں دی گئی ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے 10 اگست کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ٹیموں کا بھی اعلان کیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کے تمام میچز 25 سے 31 اگست تک ملتان اور 4 سے 10 ستمبر تک فیصل آباد میں کھیلے جانا تھے۔

ایونٹ میں کراچی وائٹس کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ لاہور وائٹس کی کپتانی سلمان بٹ، لاہور بلوز کی قیادت محمد حفیظ، فیصل آباد ریجن کی قیادت مصباح الحق، راولپنڈی کی کپتانی عمرامین، پشاور کی قیادت محمد رضوان اور فاٹا ٹیم کی قیادت عثمان شنواری کریں گے۔ لاہور بلوز کے نمایاں کھلاڑیوں میں وہاب ریاض، کامران اکمل اور عمر اکمل شامل ہیں جب کہ کراچی وائٹس میں اسد شفیق، انور علی اور رومان رئیس شامل ہیں۔

فاٹا کی ٹیم میں ریحان آفریدی اور خوشدل شاہ شامل ہیں جب کہ پشاور کی ٹیم میں عمران خان جونیئر، زوہیب خان اور اسرار اللہ شامل ہیں۔فیصل آباد ریجن کی ٹیم میں سعید اجمل، فہیم اشرف اور آصف علی جب کہ سہیل تنویر، شاداب خان اور محمد نواز راولپنڈی کی نمائندگی کریں گے۔

ادھر فٹنس ٹیسٹ کے لیے قومی کرکٹرز نے پاکستان  کا رخت سفر باندھ لیا ہے، کیریبین لیگ کھیل کر واپس آنے والے کھلاڑیوں میں شعیب ملک، وہاب ریاض ، بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان، عمادوسیم اور محمد حفیظ شامل ہیں۔اسی طرح انگلش کاؤنٹی میں سرفراز احمد یارکشائر، محمد عامر ایسیکس، جنید خان لنکا شائر اورفخر زمان سمرسٹ کی نمائندگی کے بعد فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔