سینیٹ میں جادو ٹونے پر پابندی سے متعلق تحریک پیش

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017

 اسلام آباد: سینیٹ میں جادوگری کی ممانعت کا بل پیش کرنے کی تحریک جمع کرادی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر خان نے سینیٹ کے اجلاس میں جادوگری کی ممانعت کا بل پیش کرنے کی تحریک پیش کی,چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے استفسار کیا کہ آپ جادو ٹونے میں کہاں پڑگئے، جس پر چوہدری تنویر نے اسے سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفلی عمل کرنے والے لوگ معاشرے میں بہت زیادہ تعداد میں موجود ہیں۔

چوہدری تنویر کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلز نے اپنے پروگرامز میں بڑی تعداد میں ایسے لوگوں اور عاملوں کو بے نقاب کیا لیکن یہ کام صرف چند دن تک رکتا ہے اور پھر دوبارہ شروع ہوجاتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے کہا کہ ملک کی دیواریں ایسے جملوں سے بھری پڑی ہیں کہ شادی نہیں ہو رہی تو ہم سے رجوع کریں یا بیروزگاری سے چھٹکارا پائیں، ایسے بنگالی باباؤں اور عاملوں کے خلاف مناسب قانون سازی ہونی چاہیے۔

رضا ربانی نے بل کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا نقطہ نظر بھی لازمی لیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔