کریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا نے بارباڈوس کو شکست دے دی

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 اگست 2017

 گیانا: کریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا ایمیزون واریئرز نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 4 وکٹ سے مات دےدی، فاتح ٹیم کے سہیل تنویر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈیوائن اسمتھ کی سنچری رائیگاں گئی۔

بارباڈوس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اوپنر ڈیوائن اسمتھ نے 70 گیندوں پر 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی، کین ولیمسن نے 47 رنز بنائے۔ سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

گیانا نے آخری اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اوپنر کیڈوک والٹن نے 92 رنز کی اننگز کھیلی، سہیل تنویر بھی اوپننگ کیلیے آئے اور 9 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مارٹن گپٹل نے27 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم کے کپتان کیرن پولارڈ نے 4 کھلاڑی آﺅٹ کئے، کیڈوک والٹن مین آف دی میچ قرار پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔