دیارِغیر سے بلاکر کرکٹرز کی فٹنس آج جانچی جائے گی

اسپورٹس رپورٹر / عباس رضا  منگل 22 اگست 2017
 سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام کھلاڑیوں کی میڈیکل اسکریننگ کا بھی فیصلہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام کھلاڑیوں کی میڈیکل اسکریننگ کا بھی فیصلہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 لاہور: دیارغیر سے بلانے کے بعد قومی کرکٹرزکی فٹنس آج سے 3روز تک جانچی جائے گی۔

قومی کرکٹرز کے 3روزہ فٹنس ٹیسٹ منگل سے شروع ہوں گے،اس مقصد کیلیے بیرون ملک کاؤنٹیز اور لیگز کھیلنے والے بیشتر کھلاڑی نہ چاہتے ہوئے بھی بوجھل دلوں کے ساتھ پاکستان پہنچ چکے ہیں، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام کھلاڑیوں کی میڈیکل اسکریننگ ہوگی، کرکٹرز کو مختلف گروپس میں تقسیم کرتے ہوئے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں یویو ٹیسٹ لیے جائیں گے، جسمانی لچک اور اسٹمینا کی جانچ بھی ہوگی، ہر کھلاڑی کا ڈیٹا جمع کرکے خامیوں کو دور کرنے کیلیے پلان دیا جائے گا۔

دوسری جانب کرکٹرز کو اچانک بلائے جانے سے ہونے والی پریشانی کے سوال پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مصروفیات اپنی جگہ لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر پہلے سے ہی کہہ رہے ہیں کہ شیڈول کے مطابق تمام کیمپ لگائیں گے،اس لیے کوئی حیران کن بات نہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ طے پانے کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی سمیت پلان میں تبدیلی ہوئی،کرکٹرز کاؤنٹی اور لیگز کھیلنے کیلیے واپس بھی جا سکتے ہیں،میری انگلش بورڈ اور کیریبیئن پریمیئر لیگ منتظمین سے بات ہوئی ہے،وہ بھی ہمارے فیصلے سے خوش اور انھیں امید ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی عدم دستیابی کے سبب میچز کی رونقیں متاثر نہیں ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔