نیب نے شہریوں کو 78 کروڑ کا چونا لگانے والے ایجنٹ پکڑ لیے

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 اگست 2017
کمیشن ایجنٹ محسن اور عبداللہ چند ریگر روڈ اور حسن اسکوائر سے گرفتار ہوئے۔ فوٹو: فائل

کمیشن ایجنٹ محسن اور عبداللہ چند ریگر روڈ اور حسن اسکوائر سے گرفتار ہوئے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے جعلی انویسٹمنٹ کمپنی کے نام پر سیکڑوں شہریوں کو 78 کروڑ روپے کا چونا لگانے والے 2 کمیشن ایجنٹوں کو کراچی کے مختلف علاقوں سے چھاپے مارکر گرفتار کر لیا ہے۔

نیب کراچی نے ریفرنس نمبر 36/2016 میں مطلوب 2 مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ریفرنس میں میسرز اے ایم انٹرائزز کے مالک علی رضا اور میسرز این ٹی ایف ٹریڈرز کے مالک طلال اصغر پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں اور اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے 78 کروڑ 60 لاکھ روپے جعلی انویسمنٹ کمپنی کے نام پر شہریوں سے وصول کیے اور ان سے وعدہ کیا کہ انھیں ہر ماہ معقول منافع دیا جائے گا تاہم چند ماہ بعد ملزمان فرار ہوگئے ملزمان کے کمیشن ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والے محسن عابدی اور عبداللہ کو نیب نے پیر کو آئی آئی چند ریگرروڈ اور حسن اسکوائر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے 40 افراد سے بھاری رقوم سرمایہ کاری کے نام پر وصول کیں اور بطور کمیشن60 لاکھ روپے وصول کیے ملزمان کو گرفتاری کے بعد نیب حکام نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔