کراچی میں دوسرے روزبھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش

ویب ڈیسک  منگل 22 اگست 2017
ای ایچ ٹی لائن ٹرپ ہو جانے کے باعث 8 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ فوٹو: فائل

ای ایچ ٹی لائن ٹرپ ہو جانے کے باعث 8 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کراچی میں مسلسل دوسرے روز آندھی اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقے زیرآب آگئے اور کے الیکٹرک کے 250 فیڈر ٹرپ ہونے کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی تیز آندھی کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کی وجہ سے کئی سڑکوں پر پانی تاحال جمع ہے۔

بارش کے بعد کے الیکٹرک کے  250 کے قریب فیڈر ٹرپ کرگئے اور ای ایچ ٹی لائن ٹرپ ہو جانے کے باعث 8 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا، بجلی سے محروم علاقوں میں گلشن اقبال،ملیر،شاہ فیصل کالونی ، صدر ، ڈیفنس، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، ویسٹ وہارف، گلستان جوہر شامل ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق  بارش کے پیش نظرکےالیکٹرک کی ہنگامی ٹیمیں تعینات ہیں اور بارش کے رکتے ہی متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا جائیگا جب کہ شہری بجلی کے کھمبوں،ٹرانسفارمرز اور تاروں سے دور رہیں، علاقائی فالٹس کیلیے 118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے لیے سپرہائی وے سمیت کئی علاقوں میں لگائی گئی مویشی منڈیوں میں لگے ٹینٹ اکھڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے خریداروں اور بیوپاریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں طوفانی بارش، 11 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں  37 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ گلشن حدید 32، ناظم آباد31، پی اے ایف فیصل بیس 29، پی اے ایف مسرور26، ماڈل آبزرویٹری اور کراچی ائیرپورٹ میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔