پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعـء 15 فروری 2013
 میٹرو بسیں عام آدمی کیلئے چلائی گئی ہیں ان کی دیکھ بھال اور حفاظت عوام کی بھی ذمہ داری ہے، شہباز شریف فوٹو : فائل

میٹرو بسیں عام آدمی کیلئے چلائی گئی ہیں ان کی دیکھ بھال اور حفاظت عوام کی بھی ذمہ داری ہے، شہباز شریف فوٹو : فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں نے میٹرو بس سروس کا جس گرمجوشی سے خیرمقدم کیا وہ اپنی مثال آپ ہے تاہم پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میٹرو بس سسٹم عوام کا اپنا قیمتی اثاثہ ہے، میٹرو بسیں عام آدمی کے لئے چلائی گئی ہیں ان کی دیکھ بھال اور حفاظت عوام کی بھی ذمہ داری ہے جبکہ  نظم و ضبط کا مظاہرہ نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام میٹرو بسوں میں طریقے اور سلیقے سے سفر کرکے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

وزیراعلیٰ  پنجاب کا کہنا تھا کہ مسافروں کی رہنمائی کے لئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ہر بس اسٹیشن پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سسٹم پر عوام کا بھرپور اعتماد حوصلہ افزا اور  باعث اعزاز ہے جبکہ میٹرو بس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔