کسی کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  منگل 22 اگست 2017
دہشت گردوں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی کمر ٹوٹ چکی ہے، وزیرداخلہ  فوٹو: فائل

دہشت گردوں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی کمر ٹوٹ چکی ہے، وزیرداخلہ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کسی کی پروا کیے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے جب کہ دہشت گردوں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں پرواہ نہیں کہ امریکی صدرکیا کہتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ہم نے ملک کو ترقی دینی ہے اور ہم پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنائیں گے جب کہ امن اورترقی سکے کے دورخ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جتنی قیمت  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ادا کی ہے اتنی دنیا کے کسی ملک نے نہیں کی۔

وزیرداخلہ نے چوہدری نثار کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری سب سے پہلی ترجیح نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانا ہے جس کے لیے ہی تمام صوبوں کے وزرائے اعلی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم خطے میں اقتصادی طاقت بننے کے لیے اس کے اپنے مفاد میں ہے جب کہ وفاقی حکومت امن وامان کے سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں سے تعاون کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ احسن اقبال سے چیر مین پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات کی جس میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سمیت کھلاڑیوں کیلیے سیکیورٹی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے جب کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کھیلوں کی پذیرائی کے لیے سرگرم ہے اور ملک میں امن کی صورت حال کھیلوں کے حوالے سے موزوں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔